ریاست بہار میں کورونا وائرس کے کیسز دن بہ دن بڑھ رہے ہیں ایسے میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے وزیراعلی نتیش کمار اپنے افسران کے ساتھ مسلسل اس جائزہ میٹنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی ' پلس پولیو مہم کی طرز پر چل رہے گھر گھر سروے کا دائرہ بڑھائیں۔ ضلع کی ترجیحات طے کرتے ہوئے ہر ضلع میں گھر گھر سکریننگ شروع کرائی جائے تاکہ شروع میں ہی علامات کی بنیاد پر انہیں نشان زد کر طبی خدمات مہیا کرائی جا سکے'۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا 'متاثرہ شخص کی پوری چین اور اس کے رابطے کو نشان زد کرتے ہوئے فوراً جانچ کرائی جائے تاکہ متاثرہ کی چین توڑی جا سکے'.
انہوں نے سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا 'اس کام میں تاخیر نا ہو چیف سیکریٹری اس بات کو یقینی بنائیں۔ ایک متاثر شخص کئی لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے. بہار میں زیادہ تر معاملے اسی طرح کے ہیں اس لیے اس کے تئیں لوگوں کو بیدار کیا جائے'۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا 'گھر گھر اسکریننگ کے دوران اگر لوگوں میں کوئی دوسری بیماری کے علامات پائے جاتی ہیں تو فوراً ان کے علاج کے لیے مکمل اور بہتر نظام کیا جائے'۔
نہوں نے کہا 'اس کے لیے تمام ہسپتالوں کے او پی ڈی نظام کو بہتر کیا جائے '۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے مزید کہا 'متاثرہ ضلع میں گھر گھر اسکریننگ سے اب تک سروے میں جتنی اطلاع ملی ہے اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ دوسری بیماریوں میں بھی بہت کمی آئی ہے، لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے سے لوگ کورونا ہی نہیں بلکہ دوسری بیماریوں سے بھی محفوظ ہو سکتے ہیں. یہ بات لوگوں کو سمجھانی ہوگی'۔