ریاست بہار کے ضلع گیا کے نکسل متاثرہ علاقہ امام گنج میں بھاکپاماووادیوں نے پوسٹر چسپاں کرکے حکومت کے منصوبے اور یوم مزدور کی مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ ان کے احتجاج کا امام گنج علاقے سے پوسٹر آج برآمد ہواہے، پولیس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
بھاکپاماووادی تنظیم نے یوم مزدور کے موقع پر امام گنج تھانہ حلقہ کے لوہیا بازار، پکری گریا اور اس کے آس پاس کے درجنوں جگہوں پرپوسٹرچسپاں کیا ہے۔
پوسٹر کے ذریعے دنیا بھرکے مزدوروں سے متحد ہونے کی اپیل کی گئی ہے، نکسلیوں نے مڈل سکول گریا، گیان بھارتی ہائی سکول جگلال نگرپکری اور گریابازار میں درجنوں جگہ پرپوسٹر چسپاں کیا ہے۔
اس میں وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت کو مزدور مخالف اور فاسسٹ حکومت بتایا گیا ہے، مرکزی پولیس فورس کے ذریعے نکسلیوں کے خلاف چلائی جارہی مہم، آپریشن گرین ہنٹ کو ختم کرنے کے لیے مزدوروں کو متحد ہونے کو کہا گیا ہے۔
نکسلیوں نے دنیابھرکے مزدوروں سے متحد ہوکر بی جے پی اور آر ایس ایس کو ملک سے بھگانے کے لیے عوام کو آواز اٹھانے کوکہا ہے۔
نکسلیوں نے پرچے میں بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی نوکرشاہوں اور کارپوریٹ گھرانوں کی ہے، مزدوروں کی مخالف پارٹی ہے، عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
ادھر پرچہ ملنے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے، اطلاع کے مطابق پولیس نے پرچہ برآمد کرلیا ہے، پولیس تحقیقات میں مصروف ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ یہ کام نکسلیوں کا ہے یا کسی شرارتی طبقے کا ہے۔