بہار کے شہر گیا میں واقع کریم گنج قبرستان میں تراویح کی نماز کا اہتمام ہوگا. اس کی تیاری کی جارہی ہے قبرستان کمیٹی نے مذہبی اداروں سے بھی قبرستان احاطے میں تراویح کا اہتمام کرانے کو لیکر مشورہ لیا ہے۔ Namaz e Taraweeh in Gaya
شہر کے کریم گنج قبرستان کے گیٹ نمبر دو پر نو تعمیر شدہ کمیونٹی ہال میں قبرستان انتظامیہ نے اس سال تراویح کی نماز کرانے کا اہتمام کیا ہے اس سلسلے میں قبرستان کمیٹی نے امارت شرعیہ پٹنہ اور ادارہ شرعیہ پٹنہ سے بھی استفتاء کر لیا ہے۔
کمیٹی کے رکن کامریڈ نہال احمد نے بتایا کہ مفتیان کرام نے بتایا ہے کہ نوتعمیرشدہ کمیونٹی ہال میں تراویح کی نماز ادا کرنا جائز ہے چنانچہ اس سال رمضان المبارک میں چھ شب یعنی پانچ روزہ تراویح کا اہتمام ہوگا۔
واضح رہے کہ کریم گنج اور نیو کریم گنج میں پچاس ہزار سے زائد مسلمانوں کی آبادی ہے یہاں دس سے زیادہ مساجد ہیں چونکہ آبادی زیادہ ہے تو اس صورت میں ان دونوں محلے میں گھروں اور ہال میں بھی تراویح کا اہتمام ہوتا ہے چونکہ یہ کمیونٹی ہال قبرستان کے دروازے پر واقع ہے تو اس صورت میں استفتاء ضروری تھا۔