گیا: بہار میں ضلع گیا کے بیدا گاؤں میں نماز استسقاء خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھی گئی۔ اس دوران مسلمانوں نے گریہ وزاری کرتے ہوئے نم آنکھوں کے ساتھ اللہ تعالی سے باران رحمت کی دعائیں کیں۔ شیرگھاٹی و اطراف کے گاؤں و قصبے کے ہزاروں لوگوں نے شرکت کر کے بارش کے دعا مانگی۔ نماز استسقاء کی مامت مولانا نہال الدین قاسمی نے کی جبکہ مولانا حذیفہ المظاہری نے خطبہ دیا اور رقت انگیز دعا مانگی ۔مولانا حذیفہ نے کہا کہ سب لوگ ظاہر و باطن ہر حال میں خدا ترسی سے کام لیں۔ یقین رکھیں خدا ترسی نعمتوں کی کلید اور برکتوں کے نزول کا باعث بنتی ہے۔ Famine in Gaya
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سبھی نے رب کے حضور گڑگڑا کر بارش کی دعا مانگی ہے۔ آزمائش اللہ کا نظام ہے۔ سب لوگ گناہوں سے توبہ کریں، نافرمانی سے دور رہیں، صوم وصلاة کے پابند ہوں مظلوموں کو حقوق دیں۔ برائیوں سے پرہیز کریں، اچھائی کی تلقین اور برائی سے اجتناب کریں۔ پانی اللہ کی عظیم ترین نعمت ہے۔ زندگی کی ہر ضرورت اس سے جڑی ہوئی ہے۔ بارش میں تاخیر گناہوں سے ہوتی ہے آج باران رحمت کے لیے خصوصی عمل کیا گیا اس میں پوری انسانیت کے لیے بلکہ ہر مخلوق کے لیے دعائیں کی گئی اللہ اپنی رحمت سبھوں پر بلاتفریق برساتا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع گیا سمیت مگدھ کمشنری کے سبھی ضلع میں بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ سے انسان جانور چرند پرند سبھی پانی کے لیے ترس رہے ہیں ندی نہر خشک ہوچکے ہیں اور کاشت ہونا ناممکن ہوگیا ہے، ضلع قحط سالی کی زد میں ہے آج اسی لیے استسقاء کی نماز چلچلاتی دھوپ میں ننگے سر پڑھی گئی ہے۔