گیا: ریاست بہار کے گیا میونسپل کارپوریشن کے میئر ڈپٹی میئر اور سبھی وارڈ کاونسلرز کی حلف برداری کی تقریب ہوچکی ہے۔ اب اسٹینڈنگ کمیٹی پر سبھی کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ اسٹینڈنگ کمیٹی ایک طرح سے کارپوریشن کا کابینہ ہوتا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے منصوبوں پر حتمی منظوری اسی کمیٹی کی ہوتی ہے۔ ایسے میں اس کمیٹی میں شامل ہونے کے لیے دعوے پیش ہونے لگے ہیں۔ کمیٹی کا سلیکشن میئر اور ڈپٹی میئر کے مشورے اور تجویز پر مشتمل ہوتاہے۔ایسے میں میئر اور ڈپٹی میئر اپنے خیمے کے ہی وارڈ کاونسلرز کو کمیٹی میں شامل کرتے ہیں۔
اطلاع کے مطابق کمیٹی سات اراکین پر مشتمل ہوتی ہے جس میں اس مرتبہ تین مسلم چہرے کو شامل کرنے کا مطالبہ ہونے لگا ہے۔اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت سے آج بات کرتے ہوئے وارڈ نمبر اکیس کے کاونسلر نیئر احمد نے کہا کہ اس میں ان ہی کو شامل کیا جاتاہے جو میئر گروپ کے ہوتے ہیں۔ تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ اس انتخاب میں میئر اور ڈپٹی میئر کو مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کرووٹ کیا ہے ۔مسلم معاشرے سے وارڈ کانسلرز کی تعداد بھی بڑھی ہے ۔اب اس صورت میں تین کونسلروں کو کمیٹی میں شامل کیا جائے ۔
یہ بھی پڑھیں:Bihar Education Minister بہار کے وزیرتعلیم رام چرت مانس سے متعلق اپنے بیان پر قائم
انہوں نے کہا کہ حالانکہ میئر اور ڈپٹی میئر کی کاونسلروں کی میٹنگ کے دوران دو مسلم کاونسلرز کو کمیٹی میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ان کی مانگ ہے ایک خاتون اور ایک مرد کونسلر کو لیا جائے۔ اس مرتبہ گیارہ مسلم وارڈ کونسلر جیت کر میونسپل کارپوریشن میں پہنچے ہیں۔وارڈ نمبر ایک کے کاونسلر محمد اسلام نے کہاکہ وہ اپنے حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کو زمینی سطح پر اتارنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ 53 وارڈوں میں 11مسلم مرد و خواتین نے وارڈ کا انتخاب جیتا ہے ، اسٹینڈنگ کمیٹی پاورفل کمیٹی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر کمیٹی ہوتی ہے۔