ریاست بہار کے ضلع بانکا میں 'مشروم ویلیج' کے نام سے مشہور گاؤں جھربا میں بڑے پیمانے پر کسان مشروم کی کاشت کرتے ہیں۔ لیکن رواں برس کورونا کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن نے مشروم کی کاشت کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں نے اس وقت مشروم کی کاشت اور بیج کی پیداوار کرنا بند کر دیا ہے۔
مشروم کاشتکار ونیتا کماری نے بتایا کہ 'لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹریفک بند ہے۔ جس کی وجہ سے گراہک پہنچ نہیں پا رہے ہیں اور سپلائی بھی درہم برہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ کوئنٹل بیج تباہ ہوچکا ہے۔ جس کی وجہ سے لاکھوں کا نقصان ہوا ہے۔
ونیتا کماری نے بتایا کہ وہ روزانہ 35 سے 40 کلوگرام مشروم تیار کرتی تھیں۔ لیکن اب صورتحال یہ ہوچکی ہے کہ ایک مہینے میں 5 ہزار بھی نہیں کما پا رہے ہیں۔
ایک اور خاتون بیوٹی کماری نے بتایا کہ روزانہ پانچ سے 10 کلوگرام مشروم تیار کیا جاتا تھا، جو اس وقت مکمل طور پر بند ہے۔
واضح رہے کہ 'یہاں کے کسان بٹن، اویسٹر، ملکی سمیت مختلف قسم کے مشروم کی کاشت کرتے ہیں ۔ ایسی صورتحال میں کسان اب لاک ڈاؤن کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ دوبارہ کاشت کاری شروع کر سکیں۔