نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے ٹویٹ کرتے ہوئے بہار دیوس کے موقعے پر مبارکباد دی ہے۔ یوم بہار کے موقع پر ٹویٹ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے لکھا کہ بہار کے تمام باشندوں کو بہار دیوس کی مبارکباد۔ یہ وہی سرزمین ہے جہاں بھگوان بدھ، بھگوان مہاویر اور گرو گوبند سنگھ یہاں پیدا ہوئے تھے۔ یہاں کے محنتی اور باصلاحیت لوگ ترقی کی نئی داستان لکھیں گے، مجھے اس پر پورا بھروسہ ہے۔ وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار دیوس کے موقع پر بہار کے لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بہار اپنی شاندار تاریخ اور سرگرم ثقافت کے لئے مشہور ہے۔ قومی زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا کردار ادا کرنے والے بہار کے لوگوں نے اپنی محنت اور عزم سے ایک خاص پہچان بنائی ہے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے یوم بہار کے موقع پر ٹویٹ کرکے سب کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ریاست کو ہندوستان کا فخر قرار دیا ہے۔ یہ ایک ایسی ریاست ہے جس نے ہمیشہ اپنے علم اور ثقافت سے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ 1912 میں آج ہی کے دن بہار بنگال اور اڑیسہ سے الگ ہوا تھا۔ ویسے بنگال سے بہار کی علیحدگی کے بعد اڑیسہ بھی بہار کا حصہ تھا اور جھارکھنڈ بھی۔ اڑیسہ بھی 1 اپریل 1936 کو بہار سے الگ ہو گیا تھا اور جھارکھنڈ بھی 15 نومبر 2000 کو الگ ہو گیا تھا۔ اس لیے یوم تاسیس کی تاریخ طے کرنے میں کچھ وقت لگا، لیکن آخر میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 22 مارچ 1912 کو جب بہار بنگال سے الگ ہوا تھا، اسے بہار کا یوم تاسیس سمجھا جائے۔ جس کے بعد حکومت نے اسے کابینہ میں منظور کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: Amit Shah on Himachal Pradesh Foundation Day امت شاہ نے ہماچل کے یوم تاسیس پر ریاست کے لوگوں کو مبارکباد دی
یو این آئی