وندے بھارت مشن کے تحت بیرون ممالک پھنسے ہوئے بہار کے باشندوں کو وطن واپس لانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، 18 مئی کو وندے بھارت مشن کے دوسرے مرحلے کے تحت بیرون ممالک میں پھنسے ہوئے بہار کے باشندوں کا پہلا قافلہ ریاست کے گیا انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے گا۔
اس معاملے کے لیے وندے بھارت مشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ریہرسل بھی کی گئی۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران بیرون ممالک پھنسے بہاری باشندوں کی 'وندے بھارت مشن' کے تحت 18 مئی سے واپسی شروع ہوگی۔
بہاریوں کی واپسی کے لیے گیا ضلع کو نوڈل ضلع منتخب کیا گیا ہے، وہ سبھی بیرون ممالک جہاں بہاری پھنسے ہوئے ہیں وہاں سے ان کی پرواز گیا ایئر پورٹ کے لیے ہوگی۔
ایسے میں انتظامیہ کی جانب سے ہرطرح کی تیاریاں کی گئی ہیں اور آج (سنیچر) مگدھ کمشنر اسنگباچوبہ آو کی قیادت میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ سمیت پولیس اور ایئرپورٹ اور سی آئی ایس ایف کے اعلی حکام نے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے سبھی متلعقہ افسران سے سلسلے وار طریقے سے تیاریوں کے متعلق معلومات حاصل کی نیز خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی۔
وندے بھارت مشن کے تحت بہار کے لوگوں کا وطن واپس لانے کے لیے گیا ہوائی اڈے کو لینڈنگ پوائنٹ بنایا گیا ہے، گیا ایئر پورٹ اتھارٹی نے 18 مئی کو پہلی فلائٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
اس معاملے میں کمشنر اسنگباچوبہ آو اور ڈی ایم ابھشیک کمار کی نگرانی میں مارک ڈرل کیا گیا اور تیاریوں کو بتانے کی کوشش کی گئی کہ کس طرح طیارے کے پہنچتے ہی طیران گاہ پر نقل و حرکت ہوگی اور بریج سے ٹرمنل کے اندرونی حصے میں داخل ہونے تک کس طرح ان کی طبی جانچ، اسکریننگ اور کسٹم و امیگریشن ہوں گے۔
بیرون ممالک سے آنے والے بہاریوں کو 21 دن تک اپنے اخراجات پر بودھ (گیا) کے ہوٹلز میں قیام کرنا ہوگا، اس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ بیرون ممالک میں مقیم افراد کے لیے بودھ گیا کے 161 ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور بودھ مانیسٹری کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مگدھ ڈویزبل کمشنر کے حکم کے مطابق کسی کو بھی ہوائی اڈے کے احاطے میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی، حکومت کے احکامات کے مطابق تمام مسافروں کو 21 دن تک کوارنٹائن سینٹر میں رکھا جائے گا۔
کمشنر اسنگبا چوبہ آو نے بتایا کہ تمام تیاریاں ہوچکی ہیں اور ماک ڈرل و میٹنگ کے ذریعے جائزہ بھی لیا گیا ہے، جو شیڈول ملا ہے اس کے تحت 18 مئی سے 3 جون تک 6 طیارے گیا ایئر پورٹ پہنچیں گے، پہلی فلائٹ 18 مئی کو پہنچے گی جس میں 130 تا 150 مسافروں کے آنے کی امید ہے چونکہ گیا ایئر پورٹ پر بڑے طیاروں کے لینڈنگ کی سہولت نہیں ہے اس لیے مسافروں کو چھوٹے طیاروں سے لایا جائے گا۔