پٹنہ: دارالحکومت پٹنہ کے پیربہور تھانہ علاقے میں ایک گھر پر نصب موبائل ٹاور کو گزشتہ دنوں چوروں نے نقب زنی کرکے چرالیا۔ گھر کے مالک کو شک ہوا تو اس نے موبائل ٹاور کمپنی جی ٹی ایل کو اس کی اطلاع دی۔ بعد ازاں کمپنی کی ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معاملے کا جائزہ لیا اور پیر بہور تھانہ میں چوری کی ایک تحریری شکایت درج کرائی۔ اطلاعات کے مطابق یہ موبائل ٹاور 2006 میں ایئرسیل کمپنی کی جانب سے نصب کیا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے جی ٹی ایل کمپنی نے خرید لیا تھا۔ ایف آئی آر میں جی ٹی ایل کمپنی نے بتایا ہے کہ کچھ لوگ اپنے آپ کو جی ٹی ایل کمپنی کے ملازم بتاتے ہوئے اس گھر کی چھت پر آئے، جہاں موبائل ٹاور نصب تھا۔ اس کے بعد گھر کی چھت پر جا کر 4 گھنٹے تک موبائل ٹاور کو کھولا اور وہاں سے چلے گئے۔
جی ٹی ایل کمپنی کے منیجر محمد شاہنواز انور کے مطابق موبائل ٹاور کی کل لاگت 8 لاکھ 32 ہزار روپے تھی۔ نامعلوم چوروں کے خلاف تھانہ سٹی میں تحریری ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ منیجر نے یہ بھی بتایا کہ پہلے کمپنی اپنی سطح پر معاملے کی انکوائری کر رہی تھی جس میں 4 ماہ لگ گئے اور اب 4 ماہ بعد موبائل ٹاور کی چوری کی اطلاع پولیس کو دی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ پٹنہ میں موبائل ٹاور چوری کا یہ دوسرا معاملہ ہے۔ واضح رہے کہ چوری کا معاملہ درج ہونے کے بعد پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر چوروں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: