ریاست بہار کا خطہ سیمانچل پسماندہ علاقوں میں سے ایک مانا جاتا رہا ہے۔ جس کی ترقی اور فلاح کے لئے وقفے وقفے سے مختلف تنظیموں کی جانب سے کوشش ہوتی رہی ہے، اسی ضمن میں سیمانچل پرگتی شیل مورچہ کی جانب سے سیمانچل کے تمام ارکان اسمبلی کو گلدستہ و شال پیش کر استقبالیہ کیا گیا، جس ممبران اسمبلی کو استقبالیہ دیا گیا ان میں پورنیہ امور سے اخترالایمان، جوکی ھاٹ ارریہ سے شاہنواز عالم، ارریہ رکن اسمبلی عابدالرحمن، کوچا دھامن کشن گنج سے اظہار آصفی، بہادر گنج سے انظار نعیمی شامل ہیں جبکہ بیشتر ارکان اسمبلی پروگرام میں شریک نہیں کر سکیں.
وہیں پروگرام کی صدارت الحاج نیر الزماں نے کی جبکہ نظامت کے فرائض زاہد انور نے انجام دی۔
پروگرام میں معزز شرکاء نے سیمانچل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سیمانچل کی عوام نے بڑی محبت اور امید سے آپ کو ایوان تک پہنچایا ہے، یہاں سے جڑی بنیادی مسائل کو اسمبلی میں اٹھا کر اس کے حل کا راستہ تلاش کریں، یہ علاقہ آج بھی سیلاب، تعلیم، صحت، صاف پانی، روزگار، مزدور نقل مکانی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے، جب تک آپ ارکان اسمبلی سیمانچل کی ترقی اور فلاح کے لئے پارٹی سے اوپر اٹھ کر ایک پلیٹ فارم پر نہیں آئیں گے، تب تک یہاں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
معزز شرکاء کے بعد اراکین اسمبلی نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آج اپنی ذمہ داری کا احساس دلانے کے لئے جو پروگرام منعقد کیا ہے ہم اس کا استقبال کرتے ہیں۔'
جوکی ہاٹ کے رکن اسمبلی شاہنواز عالم نے کہا کہ 'ہم عوام کی امیدوں پر کھڑا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، یہاں کے مسائل کس طرح سے حل ہو سکتے ہیں ہمیں اس پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔'
بہادر گنج رکن اسمبلی انظار نعیمی نے کہا کہ 'تعلیم کے معاملے میں آج بھی ہمارا سیمانچل کوسوں دور ہے، اس طرف وزیر تعلیم سے جلد ملاقات کر سیمانچل کے لئے الگ منصوبہ کا مطالبہ کیا جائے گا۔'
وہیں ارریہ رکن اسمبلی عابدالرحمن نے کہا کہ 'حکومت ہمارے مطالبات کو نظر انداز کرتی ہے، ہم نے وزیر اعلیٰ سے کئی بار گہار لگائی کہ ارریہ صدر ہسپتال کی حالت نہایت خستہ ہے، یہاں ایک بھی زنانہ ڈاکٹر نہیں ہے۔ مگر آج تک اس پر توجہ نہیں دیا گیا۔'
امور رکن اسمبلی اخترالایمان نے کہا کہ 'یہاں ایک تجویز آئی ہے اور یہ ذمہ داری مجھ پر دی گئی ہے کہ سیمانچل کی ترقی کے لئے ایک کمیٹی بنا کر سیمانچل کے تمام ارکان اسمبلی سے بات کروں اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر لے کر آؤں، میں اسے قبول کرتا ہوں۔'
پروگرام کے آرگنائزر الحاج نیر الزماں نے کہا کہ 'پروگرام منعقد کرنے کا مقصد صرف سیمانچل کے فلاح کے لئے ہے، ہمیں معزز ارکان اسمبلی کو یاد دلاتے رہنا ہوگا تب جا کر کام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ویکسینیشن کے سلسلے میں افواہوں کو پھیلنے نہ دیں: مودی
بہرحال ایک بار پھر سیمانچل کی ترقی کے لئے عوام اور لیڈران کے درمیان گفت و شنید ہو رہی ہے جو ایک اچھی پہل ہے، مگر وقت کے ساتھ یہ پہل صرف پروگرامز اور نشستوں تک ہی محدود نہ رہے اس پر بھی سیمانچل کے لیڈران کو کمر بستہ رہنا ہوگا۔