پٹنہ: گزشتہ کئی دنوں سے شہر پٹنہ کی تاریخی عمارت انجمن اسلامیہ ہال کا کرایہ پہلے کے مقابل زیادہ کر دیئے جانے کا معاملہ طول موضوع بحث ہے، اس ضمن میں پٹنہ کے معززین پر مشتمل ایک وفد نے اقلیتی فلاح و بہبود کے وزیر زماں خان سے ملاقات کر کے انہیں میمورنڈم سونپا اور انجمن اسلامیہ ہال کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا، وزیر نے وفد میں آئے ہوئے تمام لوگوں کی باتوں کو سنجیدگی سے سنا اور کہا کہ اس وقت جو انجمن کا کرایہ ہے واقعی زیادہ ہے جو غریبوں کی پہنچ سے باہر ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انجمن کی شکل میں غریب عوام کو ایک تحفہ دیا ہے جس کا وہ فائدہ اٹھا سکیں، اگر اس عمارت سے غریب وسط طبقہ ہی محروم ہوگا تو پھر عمارت بننے کا کیا فائدہ۔
Anjuman-e-Islamia Hall Patna
وفد میں شامل باری اعظمی نے کہا کہ سنی وقف بورڈ کی جانب سے ایک ہال کا کرایہ ساٹھ ہزار علاوہ دس ہزار بجلی رکھا گیا ہے، اس طرح سے انجمن میں چار ہال ہے جس کا کرایہ دو لاکھ ساٹھ ہزار روپے ہے، یہ کرایہ کسی بھی طرح سے ہمیں منظور نہیں ہے، اتنا کرایہ شہر کے فائیو اسٹار ہوٹل کا ہے پھر وزیر اعلیٰ کی جانب سے دئے گئے تحفہ کا کیا مطلب ہے، اتنی بڑی رقم صرف ہال کا غریب عوام ادا نہیں کر سکے گی، انجمن میں اپنے بچوں کی شادی کرنا غریبوں کے لیے ایک خواب ہی رہ جائے گا جبکہ اس قبل جو انجمن تھی اس کا کرایہ پورے ہال کا صرف دس ہزار روپے تھا. اعظمی باری نے کہا کہ ہم لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ایک ہال کا کرایہ موجودہ وقت کو دیکھتے ہوئے دس سے بڑھا کر بیس ہزار کیا جائے، اسی طرح چار ہال کا کرایہ دو لاکھ ساٹھ ہزار کے بجائے 80 ہزار کیا جائے.
مزید پڑھیں:Anjuman Islamia Hall Rent Issue: بہار وقف بورڈ سے انجمن اسلامیہ کا کرایہ مزید کم کرنے کا مطالبہ
اقلیتی وزیر زماں خان نے وفد میں شامل تمام لوگوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری طور پر وقف بورڈ کے چیئرمین و دیگر افسران کے ساتھ مل کر بیٹھک کریں گے اور جتنا کم ہو سکے گا کرایہ کم کیا جائے گا. ساتھ ہی یہ معاملہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بھی سامنے رکھا جائے گا. وفد میں شامل آفاق احمد خان، عقیل خان، دولت امام وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا.