کملا ندی میں پانی کے سطح میں اضافے کی وجہ سے کوشیشور استھان اور گھنشیام پور بلاک کے کئی گاؤں کا رابطہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے منقطع ہوگیا ہے۔ اچانک سیلاب آجانے کے سبب سینکڑوں ایکڑ میں لگے دھان اور مونگ کی فصلیں تباہ ہوگئی ہے۔ سڑکوں پر پانی آ جانے سے لوگوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے۔
واضح رہے کہ 'اس سیلاب سے چوکیا، ویشونیا پوکھر، لکشمنیا مسہری سمیت درجنوں گاؤں کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے۔ کوسی، کملا اور کریہہ ندیوں میں جیسے ہی پانی کے سطح میں اضافہ ہوتا ہے ان علاقوں میں تباہی شروع ہو جاتی ہے اور مجبورا لوگوں کو باندھ پر اپنا آشیانہ بنا کر رہنا پڑتا ہے۔ سیلاب آنے کے بعد یہاں کے لوگوں کی زندگی پوری طرح سے کشتی پر منحصر ہوجاتی ہے۔
اس تعلق سے آج کوشیشور استھان کے سرکل افسر تروینی پرساد نے بتایا کہ پانی کے سطح میں اضافے کے سبب چوکیا، لکشمنیا وغیرہ گاؤں کے لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری ہو رہی ہے ان جگہوں پر کشتی دستیاب کرائی جا رہی ہے۔