بھاگلپور: ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں واقع محلہ برہ پورہ کی جامع مسجد میں مسلم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چل رہے مدرسہ اہل سنت میں حفاظ کرام کی جلسہ دستار بندی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طلباء کی دستار بندی کی گئی۔ Dastar Bandi Program in Bhagalpur
حفاظ کرام میں محمد فرحان، محمد معراج، محمد فیض اور محمد کونین وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر خانقاہ رحمانیہ کیری شریف کے سجادہ نشین مولانا سید شاہد رضا مصباحی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'قرآن کا پڑھنا عبادت ہے وہیں سننا بھی عبادت ہے، اس لیے ہم قرآن کو پڑھیں اور اس کے معنیٰ و مطالب کو بھی سمجھنے کی کو شش کریں تاکہ ہم سے قرآن کیا مطالبہ کر رہا ہے اس پر عمل کر سکیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ ایسی کتاب ہے جس میں پیدائش سے موت تک کے لئے انسانی زندگی گزارنے کے اصول موجود ہیں جس پر عمل کر کے انسان اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'وہ لوگ بڑے خوش نصیب ہیں جنہوں نے حفاظ بنانے میں اپنا قیمتی سرمایہ سرف کیا۔ اس موقع پر مولانا مکرم شاہین، قاری نسیم احمد اشرفی امام جامع مسجد بھیکن پور، مولانا سرتاج القادری وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو سبق آموز نصیحت کی۔
یہ بھی پڑھیں: Dastar Bandi Program in Aurangabad: جامعہ کاشف العلوم کی سالانہ دستار بندی تقریب
پروگرا م کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جب کہ صلوۃ و سلام پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام کی نظامت مسجد کے امام مولانا رحمت اللہ نے کی جب کہ صدارت ایم ایس اختر نے کی۔ اس موقع پر مدرسہ کے سکریٹری نور حسن فریدی، تبریز جنگی، منٹو کلاکار، ضیا وحید ، محمد پر ویز ملک، محمد شفیع الدین چھوٹو، محمد لالو، محمد نسیم، محمد شمیم، سر فراز وحیدی وغیرہ موجود تھے۔ دستار بندی کے بعد عوام اور مسجد کمیٹی کے ذمہ داران نے اپنی اپنی طرف سے چاروں حفاظ کو حوصلہ افزائی کے لیے نقد رقوم کے علاوہ کپڑے و دیگر تحائف پیش کئے۔