گیا (بہار): گیا ضلع میں بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کیمپ لگے گا ، اس کیمپ میں موقع پر ہی امیدواروں کا انتخاب ہوگا اور انہیں دوسری ریاستوں میں ملازمت کرنے کا موقع میسر ہوگا۔ ضلع انتظامیہ کے تعاون سے ایک نجی کمپنی کے ذریعے کیمپ لگے گا۔ ضلع گیا میں آئندہ پندرہ ستمبر کو روزگار کیمپ کا انعقاد ضلع انتظامیہ کے تعاون سے ہوگا۔ اسکے لیے نرملا جاب امپلائمنٹ پرائیویٹ لیمیٹڈ کے ذریعے گجرات اور اورنگ آباد مہاراشٹر کے لیے سلیکشن ہوگا۔ ان جگہوں میں ملازمت اختیار کا ارادہ رکھنے والوں کے لئے یہ کیمپ ایک سنہرا موقع ہے۔ یہاں نوکری کرنے والوں کے لیے مناسب تنخواہ ہوگی۔
اطلاع کے مطابق آئندہ جمعہ 15 ستمبر کو گیا بودھ گیا روڈ پر واقع آئی ٹی آئی کیمپس میں صبح دس بجے سے یک روزہ روزگار کیمپ لگے گا۔ اس روزگار میلہ میں نرملا جاب ایمپلائمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے ہیلپر ،فیٹر ،آئی ٹی ٹیکنیشین اور دوسرے عہدوں کے لیے بحالی کی جائے گی۔ یہ بحالی کا عمل انٹرویو کے ذریعے کیا جائے گا ۔ اس بحالی میں شامل ہونے کے لیے امیدواروں کی تعلیمی لیاقت آٹھویں ، دسویں ،بارہویں اور آئی ٹی آئی ڈپلومہ پاس ہونا ضروری ہے ۔ اس روزگار میلے میں منتخب امیدواروں کو گجرات پونے اور اورنگ آباد میں ملازمت کرنے کا موقع ملے گا۔
کیمپ میں شامل ہونے والے امیدواروں کی عمر 18 سال سے 35 سال تک ہونی چاہیے۔ اس تعلق سے پلاننگ آفیسر آکرتی کماری نے بتایا کہ مذکورہ کیمپ میں نرملا جاب ایمپلائمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ذریعے مختلف عہدوں کے لیے 320 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ امیدواروں کے انتخاب کے بعد انہیں 16 ہزار سے 18 ہزار ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ جبکہ اضافی سہولت میں پی ایف، ای ایس آئی سی وغیرہ بھی دیے جائیں گے۔ خواہشمند امیدوار اپنے بائیو ڈاٹا کے ساتھ منعقد ہونے والے روزگار میلے میں حصہ لے سکتے ہیں۔ حالانکہ اس میں شامل ہونے کے لیے امیدواروں کا این سی ایس پر رجسٹریشن ہونا ضروری ہے۔ جن امیدواروں کا این سی ایس پر رجسٹریشن نہیں ہے، وہ آفس میں آ کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Land For Job Scam: مرکز نے سی بی آئی کو لالو یادو سمیت ریلوے کے تین افسران پر مقدمہ چلانے کی اجازت دی
اس روزگار کیمپ کمیں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے کوئی فیس نہیں ہے وہ رجسٹریشن کراکر بلا جھجھک حصہ لے سکتے ہیں۔ آکرتی کماری نے بتایا کہ کیمپ میں بلاتفریق امیدوار آسکتے ہیں ، ہاں یہ ضرور ہے کہ جنہیں شامل ہونا ہے انہیں پہلے اپنا رجسٹریشن کرانا ہوگا ، محکمہ لیبر وسائل کے توسط سے جس کمپنی میں ملازمت کروائی جاتی ہے بعد میں بھی محکمہ اس پر پوری نگرانی رکھتا ہے۔