پٹنہ: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کی رکنیت ختم کئے جانے کی خبر جیسے ہی عام ہوئی بہار میں عظیم اتحاد حکومت میں شامل تمام پارٹیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا۔ جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سینئر رہنما و بہار کے وزیر مالیات وجے کمار چودھری نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت کی خبر حیران کرنے والی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت اپوزیشن کے اتحاد سے کس قدر خوفزدہ ہو گئی ہے۔ راہل گاندھی نے جو بیان دیا تھا اس میں کسی کا نام لیکر نہیں کہا تھا بلکہ اشارہ کنایہ میں بات کہی تھی۔
وجے چودھری نے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت ختم کرنا جمہوریت کا قتل کرنے کے مترادف ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی راہل گاندھی کی سیاسی قد سے گھبرا گئی ہے، ابھی حالیہ دنوں پورے ملک کا راہل گاندھی نے دورہ کر کے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور لوگوں میں پیار و محبت جگائی ہے اس سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ گھبرا گئے ہیں۔ انہیں ابھی سے ہی 2024 کا ڈر ستانے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا یہ انتقامی بدلہ ہے جو انہوں نے راہل گاندھی کے ساتھ لیا ہے۔ یہ جمہوریت کے لیے بالکل بھی مناسب نہیں ہے۔ آنے والے دنوں میں اس کے بہتر نتائج مرتب نہیں ہوں گے۔ وجے چودھری نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی چاہتی ہے کہ وہ ای ڈی، سی بی آئی اور دوسرے سرکاری تنتروں کا خوف دکھا کر ڈرا دیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کا اپوزیشن متحد ہو چکا ہے۔ وہ اب ایسی چیزوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ اس سے اپوزیشن اور مضبوط ہوگا۔ وجے چودھری نے مزید کہا کہ آج پورا ملک اس فیصلے سے سکتے میں ہے۔ اپوزیشن متحد ہوکر راہل گاندھی کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : Rahul Gandhi Disqualified ملک کے لئے ہر قیمت چکانے کے لئے تیار ہوں، راہل گاندھی