جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیر اہتمام اسلام پور میں ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں جمعیت علماء کشن گنج و اسلام پور کے علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
آج ایک روزہ تربیتی پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا ومفتی محمد جاوید اقبال صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء بہار تشریف لائے ۔ جب کہ اس پروگرام کی صدارت جمعیۃ علماء کشن گنج کے نائب صدرحضرت مولانا ومفتی عیسیٰ جامی قاسمی نے فرمائی۔
پروگرام کا آغاز قاری مظفر کمال قاسمی کی تلاوت کلام اللہ سے ہوئی، اس کے بعد مہمان شاعر حضرت مفتی محمد شریف قاسمی نے نعتوں کا گلدستہ پیش کیا۔
تمہیدی خطاب اور نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے جمعیۃ علماء کشن گنج کے ترجمان وسکریٹری جناب مفتی محمد مناظر نعمانی قاسمی نے کہا کہ آج ہمارے جمع ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ہماری اپنی زندگی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کے مطابق ہوجائے اور عملی زندگی میں جو کمی کوتاہیاں ہم میں ہیں ان کو پورا کیا جائے۔
اس کے بعد اسی سلسلے میں عملی مشق اور تربتی پروگرام کو باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس تربتی پروگرام میں تقریباً 300 سے زائد علماء کرام اور اہم علم وحفاظ اور مدارس کے ذمہ داران شریک تھے۔
اس پروگرام کے مہمان خصوصی اور جمعیۃ علماء بہار کے صدر محترم نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جمعیۃ علماء کشن گنج کا یہ سلسلہ وارپروگرام نہایت مفید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ہوتے رہنا چاہئے اس کا فائدہ بہت ہے، چنانچہ صدر محترم کی تحریک پر آئے ہوئے اہل علم نے پیش کش کی کہ ہم اپنے اپنے گھروں اور محلوں میں اسی طرح عملی مشق کا اہتمام کریں گے ۔
جمعیۃ علماء کشن گنج کے سرگرم جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد خالد انور کی پہل اور کوشش سے یہ پروگرام منعقد ہوا انہوں نے مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آنے والے مہمانان کرام کی خدمت میں مولانا سید منصور احمد اسلم ندوی چنی ٔ کا قیمتی خطاب بھی ہوا اوران کی طرف سے راشن کا ٹوکن تقسیم کیا گیا جس میں علماء کرام نے پروگرام کے بعد اپنے پسندکی اشیاء خورد ونوش کی خرید داری کی اور آخر میں صدر محترم جمعیۃ علماء کشن گنج کی رقت آمیز دعا پر اس پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔