جماعت اسلامی ہند کی بہار یونٹ نے 4 سالہ میقاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اور ساتھ ہی تمام طبقات کی بھلائی اور معاشرے میں امن و امان کے قیام سے متعلق نئی پالیسی کے ضمن میں متعدد پروگرامز کی منصوبہ بندی کی ہے۔
ریاست بہار میں جماعت اسلامی ہند نے 40 سدبھاؤنا منچ قائم کرکے برادران وطن کے درمیان اسلام کے خلاف پھیلائی جارہی بدگمانیوں کا ازالہ کرے گی۔
جماعت نے اپنے اس چار سالہ منصوبے میں ماحولیاتی بحران سے نمٹنے اور اس سے مقابلے کے لئے عملی اقدامات کے طور پر پچاس ہزار درخت لگانے کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔
جماعت اسلامی ہند بہار نے اپنے چار سالہ میقاتی منصوبے کے تحت ہمہ جہت پالیسی اور پروگرام بنایا ہے۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر جماعت اسلامی ہند نے بہار میں مذہبی رواداری اور امن و امان کے لیے خصوصی پروگرام مرتب کیا ہے۔
جس کے تحت جماعت اسلامی سدبھاؤنا منچ دھارمک مورچہ انجمن اور کمیٹیوں کی تشکیل کرے گی۔
ماحولیاتی بحران پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار نے عملی اقدامات کے طور پر پچاس ہزار درخت لگانے اور مقامی طور پر شجر کاری مہم چلانے اور پلاسٹک کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کے لئے لوگوں کو بیدار کرنے کا کام کرے گی۔
اس سلسلے میں مولانا رضوان احمد اصلاحی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی اسی ملاقات میں کہا کہ جماعت اسلامی گذشتہ 70 برسوں سے سماج کے مختلف محاذ پر کام کرتی رہی ہے۔ ہرچار برس پر جماعت اپنے پروگراموں کا منصوبہ مرتب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا اس بار ہم نے خصوصی طور پر برادران وطن اور بھارتی سماج کے ساتھ کام کرنے کے پروگرام کو غیر معمولی اہمیت دی ہے۔