شہید عبدالحمید اقلیتی ہاسٹل کے سابق باورچی کے خلاف ڈی ایم نے کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ باورچی نے ہٹائے جانے کے بعد بھی ہاسٹل میں ملے کمرے کو خالی کرنے کو تیار نہیں ہے۔ تقریبا دو برس سے باورچی نے اپنا قبضہ جمارکھا ہے۔ Minority Hostel Occupying Case in Gaya
گیا کے سیوا نگر میں واقع شہید عبد الحمید ہاسٹل میں غیرقانونی قبضے کا معاملہ ڈی ایم تیاگ راجن تک پہنچ چکاہے ہے۔ ڈی ایم نے صدر ایس ڈی او اندرویر کمار کو ہاسٹل خالی کرانے کی ہدایت دی ہے۔ ہاسٹل میں کسی اور کا قبضہ نہیں ہے بلکہ یہاں کے سابق باورچی کا ہے جو دوسال سے زیادہ وقت سے قبضہ جمائے رکھا ہے۔باورچی نے یہاں ہاسٹل کے ایک بڑے حصے پر قبضے کے ساتھ کچن کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے طلباء کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔
ضلع اقلیتی فلاح افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ محکمہ کی ہدایت اور گائیڈ لائن کی روشنی میں باورچی کو ہٹا دیاگیاتھا لیکن وہ ہاسٹل کو خالی نہیں کررہاہے، پوری فیملی کے ساتھ قبضہ جمائے ہے۔ نوٹس بھی دی گئی لیکن وہ عمل کرنے کو تیار نہیں ہے آج ڈی ایم نے نہ صرف قبضے سے ہاسٹل کو آزاد کرانے بلکہ ایف آئی آردرج کرکے کاروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ اقلیتی بوائز ہاسٹل میں کیئر ٹیکر کا بھی معاملہ پیش آچکا ہے جس کی قبضے کی بات سامنے آئی تھی تاہم کیئر ٹیکر بھی ہاسٹل کو خالی کرنے کو تیار نہیں ہے اب ان دونوں پر کاروائی کی ہدایت ملی ہے دراصل کیئر ٹیکر اور باورچی عارضی طور پر کمیٹی کی جانب سے رکھے گئے تھے جسے محکمہ نے ہٹا دیا ہے۔