ہوا بازی صنعت کے ذرائع نے بتایا کہ پٹنہ میں انڈیگو کے ہوائی اڈے کے مینیجر کو منگل کی شام نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا۔
ایئر لائنز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہمارے پٹنہ ہوائی اڈے کے مینیجر کے قتل سے وہ انتہائی افسردہ ہیں"۔
ایئر لائنز نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ "ہماری ہمدردی اور دعائیں ان کے اہل خانہ اور عزیز واقارب کے ساتھ ہیں۔ ہم ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور ان کو اپنا مکمل تعاون فراہم کررہے ہیں جبکہ جاری تحقیقات میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔"
ہوا بازی صنعت کے ذرائع نے بتایا کہ روپش سنگھ کو پٹنہ میں ان کے گھر کے باہر اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ منگل کی شام اپنی ڈیوٹی سے واپس لوٹے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مینیجر کو چھ گولیاں لگیں جس سے ان کی موت ہوگئی۔
پٹنہ کے ایس ایس پی اوپیندر ناتھ شرما نے واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ شام سات بجے کا وقت تھا۔ روپیش کمار، (انڈیگو کے منیجر) دفتر سے واپس آئے تھے۔ انہیں تنہا پاکر مجرموں نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ انہیں علاج کے لئے اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کی موت ہوگئی۔ ہم پورے معاملے کی تحقیق کر رہے ہیں جلد ہی انہیں سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا جائے گا۔
قتل کے واقعے سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔
پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔