ارریہ: جوکی ہاٹ کے تارن چوک پر واقع آس فاؤنڈیشن کے نو تعمیر ہیڈ آفس کا آج افتتاح کیا گیا اس دوران فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر عبد القادر شمس قاسمی رحمۃاللہ علیہ کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
دفتر کا افتتاح سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم، جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا آفتاب عالم، مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ کے استاذ مولانا شاہد عادل قاسمی، ادارہ دعوۃالقرآن کے ڈائریکٹر مولانا عبد الواحد رحمانی نے مشترکہ طور پر فیتا کاٹ کرکیا۔
اس موقع پر سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم نے کہا کہ 'جو لوگ اس فاؤنڈیشن کے ذریعے کار خیر کر رہے ہیں۔ اللہ انہیں اس کا بہتر بدل عطا کرے گا، اس فاؤنڈیشن کے بانی مولانا عبد القادر قاسمی اب ہمارے درمیان نہیں رہے، مگر ان کے بتائے اور دکھائے راستے پر چل کر ہی انہیں سچی خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے۔
یہ آس فاؤنڈیشن ان کا ہی لگایا ہوا ایک بودہ درخت کی شکل میں ہے جس کا فائدہ بلا تفریق مذہب و ملت اور ہر ایک شخص کو ملے گا. اس نیک کام کے لیے فاؤنڈیشن کے دیگر تمام اراکین کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں. اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس فاؤنڈیشن کے ذریعہ ہر ضرورت مندوں کے درمیان پہنچیں گے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین ماسٹر محمد اکرم نے کہا کہ 'ہمارے لئے علماء مشعل راہ ہیں، کوئی برائی اگر سماج میں پھیلے تو اسے روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے نہ کہ صرف علماء کرام کی، آس فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد دراصل یہی ہے کہ اس کے ذریعے سماجی اصلاح کا کام ہوسکے۔