ریاست بہار کے ضلع گیا میں لڑکیاں پولیس محکمہ میں بھرتی کے لیے کافی محنت کر رہی ہیں۔ ضلع کے دور دراز علاقے کی لڑکیاں شہر پہنچ کر تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ شہر گیا میں واقع ہری ہر سپرامنیم اسٹیڈیم میں لڑکیاں دوڑ، ہائی جمپ، لانگ جمپ اور گولہ پھینکنے کی پریکٹس کرنے کے ساتھ ورزش کرتی نظر آ رہی ہیں۔ حالانکہ ضلع گیا میں لڑکیوں کو تیاری کرنے کے لیے وسائل محدود ہیں۔
اس کے باوجود لڑکیوں کا حوصلہ پست نہیں ہوا ہے بلکہ محدود وسائل کو ہی اپنی طاقت بنا کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ شہر گیا میں لڑکیوں کو فزیکل تیاری کے لیے علیحدہ کوئی گراونڈ نہیں ہے، وزیر اعلیٰ نتیش کمار اکثر لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں تاہم لڑکیوں کی تیاری کے لیے خاص طور پر پولیس محکمہ میں فزیکل تیاری کے لیے انتظامات اور وسائل پر کام نہیں کیا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے گاندھی میدان میں پریکٹس کر رہی لڑکیوں سے بات کی۔ پریکٹس کر رہی بنتی کماری نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں وہ تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'وہ داروغہ بحالی کا امتحان پاس کر چکی ہے۔ اب فزیکل جانچ میں کامیابی کے لیے تیاری کر رہی ہیں، گھر والوں کا ان پر اعتماد ہے اور وہ اسے کسی بھی حال میں ٹوٹنے نہیں دیں گی۔'
ضلع کے انتہائی نکسل متاثر علاقہ پریا کی رہنے والی پونم کماری کہتی ہیں کہ 'وہ تعلیم کے لیے یہاں شہر میں رہ رہی ہیں، سپاہی بھرتی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر گھر والوں نے ہر طرح سے سپورٹ کیا ہے۔ فزیکل تیاری کے لیے کوچنگ کر رہی ہیں۔ بڑے بھائی آرمی میں ہے، اس لئے پولیس کی وردی پہننے کا خواب تھا، ان کے خواب کی تکمیل کے لیے صرف فزیکل ٹیسٹ کافاصلہ ہے۔'
کسم کہتی ہیں کہ 'لڑکیاں آج چاند تک پہنچ چکی ہیں۔ ملک کی سیاست سے لیکر آسمان میں اڑان بھرنے تک کا سفر لڑکیاں کر رہی ہیں۔ گھر والوں کا ساتھ ہو تو معاشرے کی سوچ بدلے گی۔ لڑکیوں کی کامیابی کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا ہے۔ جو لڑکی گھر اور معاشرہ کے دباؤ میں کامیابی کو چھوڑ رہی ہیں وہ اب اپنے والدین کو پیار و محبتوں سے سمجھائیں اور انہیں اپنی حفاظت کا بھروسہ دلائیں۔'
یہ بھی پڑھیں: اورنگ آباد کا نام بدلنے کی کیا ہے کہانی: تفصیلی رپورٹ
واضح رہے کہ بہار میں پولیس سے متعلق ہر قسم کی بھرتی میں خواتین کے لیے 35 فیصد نشستیں مخصوص ہیں۔ جس کا فائدہ لڑکیاں بھی خوب اٹھا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی ریلیوں میں پولیس محکمہ میں لڑکیوں کی شمولیت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا تھا کہ بہار کی لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔