گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے معروف ارتھوپیٹک سرجن ڈاکٹر فراست حسین کے انتقال پر گیا ہوائی اڈے پر حاجیوں اور رضاکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ منگل کو آخری طیارے سے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ ٹرمینل کے اندر اور بیرونی حصہ پر واقع پنڈال میں ڈاکٹر فراست حسین مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
رضاکار موتی کریم نے بتایا کہ ڈاکٹر فراست حسین تب سے حاجیوں کی خدمت میں تھے، جب پہلی بار گیا ایئرپورٹ سے حاجیوں کی پرواز کا سلسلہ سنہ 2002 سے شروع ہوا تھا۔ وہ ہر برس ان کی جانب سے ایئرپورٹ پر حاجیوں کی خدمت کے لیے ان کی کلینک کے طبی عملہ کی ایک ٹیم حاجیوں کی خدمت میں موجود ہوا کرتی تھی اور وہ خود ایک رضاکار کے طور پر ایام پرواز اور واپسی کے دوران موجود رہ کر حاجیوں کی خدمت کرتے تھے۔
گیا کے رضاکار اس سانحہ پر اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک و تعالی حاجیوں کی دعاؤں کے وسیلے میں ڈاکٹر صاحب کے درجات کو بلند فرمائے اور کروٹ کروٹ جنت نصیب عطا کرے۔ موتی کریمی نے بتایا کہ دعائے مغفرت میں گیا رضاکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں آخری قافلے میں واپس آئے حاجی بھی شامل تھے جنہوں نے ڈاکٹر صاحب کے حق میں دعا فرمائی۔ اس دعائیہ مجلس میں رضاکاروں کے علاوہ مرد و خواتین حاجی اور حج کمیٹی کے سابق چیئرمین الیاس حسین، سی اور راشد حسین بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں:Dr Farasat Hussain Passes Away معروف ڈاکٹر وسماجی شخصیت ڈاکٹر فراست حسین کا انتقال
واضح رہے کہ ڈاکٹر فراست حسین کا انتقال گذشتہ جمعہ کو ہوا تھا، فراست حسین شہر کے ایک معزز شخص تھے اور وہ ہمیشہ قومی ملی مسائل پر بھی بے باکی سے کھڑے ہوتے تھے۔ بہار کے معروف ڈاکٹروں میں ان کا شمار کیا جاتا ہے اور وہ ایشین میڈیسن کے صدر بھی تھے۔