ریاست بہار کے ضلع بتیا کے مجھولیا کے رمپوروا مہنوا پنچایت کا گاؤں مہنوا سیلاب میں ڈوب چکا ہے۔ دور سے دیکھنے پر ایک جزیرہ یا سمندر نظر آتا ہے۔
بوڑھی گنڈک ندی میں آئے طغیانی کی وجہ سے آس پاس کے سبھی گاؤں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں اور فصل وغیرہ برباد ہو چکی ہے۔
صورتحال بہت ہی زیادہ خطرناک ہے پھر بھی ضلعی انتظامیہ کا کوئی بھی اہلکار یہاں پر نہیں آیا اور نہ ہی بلاک کا کوئی افسر صورت حال کا معائنہ کرنے آیا۔
بہار میں سیلاب کا قہر، 10افراد ہلاک
سیلاب اور گاؤں کے لوگوں کی صورتحال جاننے کے لیے ای ٹی وی بھارت کی ٹیم موقع پر گئی اور گاؤں کے لوگوں سے بات کی۔ گاؤں کے لوگوں کی حالت بہت خراب ہے۔ لوگ خوفزدہ ہیں۔ پورا گاؤں سیلاب کی زد میں ہے۔ اس بوڑھی گنڈک ندی کی بڑھتی ہوئی پانی کی سطح کی وجہ سے گاؤں میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
بتا دیں کہ بہار میں سیلاب نے اب تک 10 اضلاع کے 3 ہزار سے زیادہ گاؤں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ریاست میں سیلاب سے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 10 افراد ہلاک جبکہ 8 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بہار کے 10 اضلاع سیتامڑھی، شیوہر، سپول، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مغربی چمپارن، کھگڑیہ اور مشرقی چمپارن کے 55 بلاکس کی 300 پنچایتوں کے تقریبا 3 ہزار گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔