ریاست بہار کے گیا میں بیلا گنج اور خضر سرائے میں پنچایت الیکشن کے تحت ووٹنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
پنچایت انتخابات کے نوٹیفیکیشن کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن اور حکومت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ چونکہ کورونا وبا کی تیسری لہر کا خطرہ بنا ہوا ہے، اسی کے پیش نظر انتخابات کے دوران کورونا سے بچاؤ کی سبھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاہم آج پہلے مرحلے کے دوران کورونا پروٹوکول پر کہیں عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آیا۔
ووٹرز اور ووٹنگ کرانے والے ملازمین اور افسران سبھی بغیر ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کے بغیر نظر آئے، ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کورونا کی ممکنہ تیسری لہر کو اس طرح سے روکا جاسکتا ہے، جب اس سلسلے میں جب بیلاگنج کے پرپزائیڈنگ آفیسر و بی ڈی او کندن کمار سے نمائندہ نے سوال کیا تو انکا جواب نہ صرف حیران کن تھا بلکہ تشویشناک بھی ہے۔
انہوں نے جواب میں کہا کہ گیا میں کورونا وبا کے معاملے نہیں ہیں، اس لیے زیادہ کچھ عمل نہیں کرایا جاسکتا ہے، معمول کے مطابق ہی زیادہ تر لوگ رہ رہے ہیں وہ خود ماسک نہیں لگائے ہوئے ہیں کیونکہ اب معمول کے مطابق عادت بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار پنچایت انتخابات: مسلم ووٹرز بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں
واضح رہے کہ آج گیا کی 33 پنچایتوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ گیا میں کورونا نے دوسری لہر کے دوران کافی لوگوں کو متاثر کیا تھا اور یہاں تین سو سے زیادہ لوگوں کی موت بھی ہوئی تھی۔ پنچایت انتخابات میں گاؤں کے وہ لوگ بھی پہنچتے ہیں، جو دوسری ریاستوں میں مزدوری کا کام کرتے ہیں ایسے میں کورونا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔