ریاست بہار کے گیا میں واقع گیا کالج میں آج پنچایت الیکشن کے پانچویں مرحلے کی کاؤنٹنگ ہورہی ہے۔ حفاظتی انتظامات پختہ کیے گئے ہیں۔ گیا کے دو بلاکس فتح پور اور وزیر گنج کی کل 36 پنچایتوں کے لیے ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔
دونوں بلاک کی کاؤنٹنگ ایک ہی مرکز پر ہونے کی وجہ سے حامیوں کی کافی بھیڑ ہے حالانکہ مرکز کے اندرونی احاطے میں اُنہی کو جانے کی اجازت دی گئی ہے، جو کاؤنٹنگ ایجنٹ اور امیدوار ہیں۔ یہاں کافی ہجوم نظر آرہا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ و ضلع الیکشن افسر ابھشیک کمار سنگھ نے کاؤنٹنگ مراکز پہنچ کر جائزہ لیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ الیکشن کمیشن کے اصول و ضوابط کے تحت کاؤنٹنگ ہو۔ سبھی ٹیبل پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگے ہیں تاکہ منصفانہ طور پر ووٹوں کی گنتی ہو۔ تمام عہدوں کے نتیجہ آنے کے بعد ہی جیتے ہوئے امیدواروں کو سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں:دربھنگہ: پنچایت انتخابات میں کئی مسلم امیدوار کامیاب
قابل ذکر ہے کہ جن دو بلاکس کی کاؤنٹنگ ہورہی ہے، ان میں وزیر گنج مسلم آبادی کے لحاظ سے اہم ہے، اس بلاک میں پندرہ فیصد آبادی ہے اور کچھ ایسی پنچایتیں ہیں، جو مسلم اکثریت ہے۔ یہاں کم از کم دو مکھیا اور دو پنچایت سمیتی کے عہدوں پر جیت درج کرنے کی توقع ہے۔ تاہم حتمی نتائج ہی اس کا فیصلہ کریں گے۔ وہیں فتح پور بلاک میں بھی مسلمانوں کی اتنی آبادی ہے، جس سے مکھیا امیدوار کو آسانی سے جیت مل سکتی ہے۔