ریاست بہار کے میونسپل کارپوریشن کے یومیہ مزدور ہڑتال پر ہیں، مزدور آوٹ سورسنگ کے نظام کو نافذ کیے جانے کی مخالفت کررہے ہیں۔مزدوروں کا ماننا ہے کہ حکومت انہیں ہٹانے کے لیے نجی ایجنسی کو کام سونپ رہی ہے۔
جمعہ کو شہر گیا کے میونسپل کارپوریشن کے یومیہ مزدوروں نے ہڑتال کے دوران خوب ہنگامہ کیا، ہنگامہ کے دوران امن وقانون کی صورتحال خراب ہوتے دیکھ کر سٹی ایس پی راکیش کمار اور شہر کمشنر نے سیکڑوں پولیس جوانوں کے ساتھ مورچہ سنبھالا ، پولیس نے اس دوران طاقت کا بھی استعمال کیا۔
پولیس اور مزدوروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، شہر کمشنر اور پولیس کی گاڑیوں پر مزدوروں نے پتھراو بھی کیا۔
میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار نے کہا کہ حکومت نے واضھ کردیا ہے کہ یہ مزدور نہیں ہٹائے جائیں گے اور انہیں سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم معمولی جھڑپ ہوئی ہے لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔
دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی حمایت میں حکومت کے خلاف سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی بھی اس میدان میں کود پڑے ہیں۔
مانجھی نے وزیراعلی نتیش کمار پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئےکہا کہ مزدوروں کی ہڑتال کی وجہ سے شہر میں بہت گندگی ہے اگر حکومت اس پر مثبت نظریہ نہیں اپناتی ہے اور مزدوروں کی ہڑتال اسی طرح جاری رہتی ہے تب پھر گیا سمیت بہار میں گندگی کی وجہ سے وبا کو پھیلانے کے امکان سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یومیہ مزدوروں کے مطالبات کو حکومت فوری طور سے پوراکرے اور انہیں یقین دلائے کہ انہیں ملازمت سے بر طرف نہیں کیا جائے گا۔