عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بغیر ماسک پہنے گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس کی طرف سے کاروائی کی جارہی ہے۔
ماسک پہنے بغیر گاڑی چلانے والے ہر عام و خاص پر کاروائی کی ہدایت اعلی حکام کی طرف سے ہے۔ لیکن کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو خود کو وی آئی پی بتاکر اس پر عمل درآمد کرنے سے انکار کر رہے ہیں، پکڑے جانے پر جرمانہ دینے سے منع کرتے ہوئے افسران و پولیس جوانوں سے الجھ جاتے ہیں۔
سنیچر کو شہر کے سول لائن تھانہ کے باہر چیکنگ کے دوران ایک ایسا ہی معاملہ پیش آیا ہے۔ ایک گاڑی پر سوار شخص نے خود کو سینٹرل یونیورسیٹی کے شعبہ لاء کا پروفیسر بتاکر ایڈیشنل سب ڈیویژن افسر پر ہی رعب جھاڑنے لگا جس کے بعد پولیس جوانوں اور پروفیسر کے درمیان کافی تکرار ہوئی۔
اس دوران پروفیسر کی فیملی بھی ساتھ میں موجود تھی۔ پروفیسر کا کہنا تھا کہ اس کے بچے کی طبیعت خراب ہے اور وہ جلد بازی میں ماسک لگانا بھول گیا۔ حالانکہ تکرار کے بعد مجبورا انہیں پچاس روپیہ جرمانہ دینا ہی پڑا۔
ایڈیشنل ڈیویژنل افسر راجیو روشن نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ اور حکومت کی ہدایت پر بغیر ماسک نکلنے والوں سے جرمانہ وصولنے کی ہدایت ہے، لیکن زیادہ تر وہی افسران و جوانوں سے جرمانہ دینے کو لیکر تکرار کرتے ہیں جو خود کو خاص بتاتے ہیں لیکن ایسے لوگوں کے خلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 ایک خطرناک و جان لیوا وبا ہے۔ ایسے میں اصول و ضوابط اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کاروائی کی جائے گی۔