گیا: ریاست بہار کے گیا ضلع کی چیرکی پنچایت بہار کی پہلی ایسی پنچایت ہوگی جہاں پر ٹیکسیشن کا نظام بحال ہوا ہے ، اس کی پہل چیرکی پنچایت کے مکھیا پھولوا دیوی اور انکے نمائندہ وسماجی رکن جاوید عالم خان اور پنچایت کے سکریٹری نے کی ہے، جاوید عالم خان کی پہل پر " پنچایت ٹیکسیشن " نظام شروع ہوگیا ہے اس نظام کو گرام پنچایت ٹیکسیشن ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت نافذ کرنے کا دعوی کیا گیا ہے ۔اس کے تحت چھوٹی وبڑی دوکانیں ، ہوٹل ، اینٹ بھٹہ ، کلینک وغیرہ سے سالانہ ٹیکس کے طور پر تین سو سے بارہ سو روپیے تک رقم متعین کی گئی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس رقم کو خرچ کرنے کے لیے منصوبے کا خاکہ بھی بنایا گیا ہے ، ٹیکس کی رقم سے غریب بیوہ خواتین کی کفالت ہوگی۔
جاوید عالم خان کے مطابق اس سے جمع رقم اور بقیہ ذاتی رقم سے اسی برس 2023 میں پنچایت میں ایک مارکیٹ کی تعمیر ہو گی اور اس کے لیے زمین کی نشاندہی کرکے کاغذی کاروائی شروع ہوچکی ہے ۔اس مارکیٹ کی دوکانیں صرف بیوہ خواتین کو الاٹ کی جائیں گی ، خاص بات یہ ہوگی کہ اس دوکان میں خریدار بھی خواتین ہوں گی ، اس منصوبہ کو مکھیا نمائندہ جاوید خان اور پنچایت سکریٹری نے باضابطہ پنچایت کی ایک اہم کاروائی " گرام سبھا " سے منظور کرایا ہے اور اب اس کے لیے چیرکی پنچایت کے نام سے " Cherkipanchayat.org ایک ایپ بھی بنوایا ہے جس سے دوکاندار اپنی مرضی سے آن لائن خود رجسٹرڈ ہونگے اور پیمنٹ بھی آن لائن کریں گے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ بہار کی پہلی پنچایت ہوگی جہاں ٹیکسیشن کا نظام ہوگا اور اس پیسے سے بیوہ اور غریبوں کی براہ راست پنچایت کی جانب سے مدد ہوگی ، پنچایت میں 9 ہزار کی آبادی ہے جس میں ہندو مسلمان کی آبادی بستی ہے ۔گیا شیرگھاٹی روڈ پر چیرکی پنچایت واقع ہے جہاں قریب پانچ سو سے زیادہ چھوٹی وبڑی دوکانیں ہیں ، پنچایت میں 13گاوں ہیں اور یہ کافی بڑی پنچایت ہے ، پنچایت کے 13 گاوں میں قریب 200سے زیادہ بیواہ خواتین ہیں اور انکاتعلق ہندو مسلمان کی سبھی برادریوں سے ہے۔
مکھیا نمائندہ جاوید عالم خان نے کہاکہ جو منصوبہ بنا ہے اسے باضابطہ گرام سبھا میں منظور کیا گیا اور اسکے بعد اسکی تحریری اطلاع بلاک افسران کو دی گئی ہے ، انہوں نے اس نظام کو بحال کرنے کا مقصد ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہرچیز اور ترقی کے لیے صرف حکومت پر منحصر نہیں ہونا چاہیے ،گاوں علاقے کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو خود کی پہل بھی لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ساوتھ انڈیا کے گاوں کی ترقی دیکھی ہے اس ترقی کا مطالعہ کیا تو پتہ چلا کہ وہاں کے ہر شعبے کا فرد اپنے علاقے کی ترقی میں پیش پیش ہوتا ہے اور حسب صلاحیت مدد بھی کرتا ہے ۔ساوتھ انڈیا کی پنچایتوں میں ٹیکسیشن کا نظام رائج ہے ، بہار میں بھی پنچایتی راج کے نظام کے تحت ٹیکسیشن ہے تاہم یہاں اس طرح کی پہل پہلے نہیں ہوئی ہے اگر ہم اس طرح سے نظام رائج کرکے غریبوں کی مدد کرتے ہیں تو علاقے کی ترقی ہوگی۔
واضح ہوکہ اس پنچایت میں مکھیا ایک دلت خاتون ہے ۔گزشتہ 2021کے پنچایت الیکشن میں جاوید خان نے اسے الیکشن میں کھڑا کیا اور جیت سے ہمکنار کرایا ، چیرکی پنچایت میں مکھیا کا عہدہ دلت خاتون کے لیے ریزرو ہے ، جاوید خان اسی مکھیا پھلوا دیوی کے نمائندہ ہیں ،مکھیا پھلوا دیوی اور انکے نمائندہ جاوید خان پنچایت کو ہائی ٹیک کرنے اور مثالی بنانے میں مصروف ہیں ، علاقے کے دوکاندار اور مقامی باشندہ اس نظام سے خوش ہیں ، ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے دوکانداروں نے کہا کہ اس نظام سے انہیں بھی فائدہ ہے انہیں پنچایت کی سرکارکی جانب سے ٹیکس سرٹیفکٹ ملے گا جس سے انہیں اپنی تجارت بڑھانے کے لیے کبھی قرض کی ضرورت بینکوں سے پڑتی ہے تو انہیں آسانی سے قرض فراہم ہوگا ساتھ ہی انکے پیسے پنچایت کی ترقی اور غریبوں کی مدد ہوگی ، رقم معمولی ہے اسلیے انہیں دینے میں بھی دشواری نہیں ہے۔دوکانداروں کی بھی مدد ہوگی۔
جاوید خان بتاتے ہیں کہ اس نظام کے منصوبے کے تحت دوکانداروں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے گا ، جب رقم جمع ہوگی تو اسے پنچایت کی جانب سے آسان شرائط پر تجارت کے فروغ کے لیے دوکانداروں کو قرض بھی فراہم کیا جائے گا ، پنچایت کے دوکانداروں کے لیے پنچایت کی کمیٹی جس میں مکھیا ، پنچایت سکریٹری اور دیگر عہددران دوکانداروں کو تجارت کے تعلق سے ہرطرح سے مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہونگے۔
بہار کی پنچایتوں میں ٹیکسیشن نظام نہیں ہے نافذ
قابل ذکر ہے کہ بہار کی کسی بھی پنچایت میں ٹیکسیشن کا نظام نہیں ہے حالانکہ بہار پنچایتی راج ترمیمی ایکٹ 2006میں ٹیکسیشن کے نظام ہے لیکن حکومت اور محکمہ پنچایتی راج کی جانب سے نافذ نہیں کیا گیا ہے ایک سوال کے جواب میں مکھیا نمائندہ نے کہاکہ جب ایکٹ میں گنجائش ہے تو پھر قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے اب تک یہاں 19دوکانیں آن لائن رجسٹرڈ ہوگئی ہیں
کسی بھی دوکاندار کو اس ٹیکس میں زبردستی نہیں لایا جائے گا اگر انکی مرضی نہیں ہوگی تو وہ اس میں شامل نہیں ہونگے ۔
مزید پڑھیں:B E O Caught Taking Bribe in Gaya بلاک ایجوکیشن افسر رشوت لیتے ہوئے گرفتار