گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں ان دنوں زمین کے نام پر ٹھگی کا معاملہ پیش آرہا ہے۔ زیادہ تر ٹھگی کا معاملہ زمین کے کاروباری بن کر انجام دیا جا رہا ہے۔ ان ٹھگوں سے اب کوئی نہیں بچ پاتا ہے. حتیٰ کہ یہ پولیس سے جڑے لوگوں کو بھی اپنا شکار بنا لیتے ہیں۔ تازہ معاملہ ضلع میں ایک سبکدوش ڈی ایس پی محمد یونس کے ساتھ پیش آیا۔ محمد یونس شہر کے وائٹ ہاؤس کے دو نمبر گلی میں رہتے ہیں۔ وہ گذشتہ برس پی ڈی ایس پی کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ ضلع گیا میں بھی وہ سرجنٹ میجر کے عہدے پر تین برسوں تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
محمد یونس نے بتایا کہ بیلا گنج کے بھلوا گاوں کے رہنے والے عبدل صدیقی کا بیٹا عبد الکریم نے چاکند این ایچ 83 پر 7 کھٹھے کی اراضی کا ایک پلاٹ دکھایا اور بتایا کہ یہ فروخت ہونے والا ہے، اس نے اپنے نام سے ایگریمنٹ کی کاپی بھی دکھایا جس کے بعد کئی قسطوں میں انہوں نے 8 لاکھ 30 ہزار روپے اسے دیے، لیکن جب پیسہ دینے کے بعد بھی وہ رجسٹری نہیں کررہا تھا تو انہیں شک ہوا۔ تحقیق کی تو پتہ چلا کہ وہ ٹھگی کا شکار ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد اسی برس انہوں نے عبدالکریم کے خلاف مقدمہ درج کرایا، آج ضلع پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ محمد یونس نے بتایا کہ عبدالکریم کے خلاف زمین کے نام پر ٹھگی کرنے کا ایک اور مقدمہ چندوتی تھانہ میں درج ہے۔ ایک دوسرے شخص سے اس نے ساڑھے چار لاکھ روپے کی ٹھگی کرچکا ہے۔