ریاست بہار کے ضلع پورنیہ میں واقع ڈگرووا بلاک کے ڈبہ گاؤں میں چائے بناتے وقت رسوئی گیس سلنڈر پھٹ گیا جس میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بری طرح جھلس گئے۔ جن میں دو خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ ان چاروں افراد کا علاج صدر ہسپتال میں کیا جارہا ہے، جن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے فورا بعد ہی افرا تفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ گاؤں والوں کی مدد سے کسی طرح آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ میں جھلسے ہوئے تمام 4 افراد کو علاج کے لیے صدر اسپتال لایا گیا ہے۔ جن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اس واقعے میں جھلس جانے والے افراد میں گھر کا سربراہ محمد علیم، بہن سوہانا پربین، بیوی ساجیہ بیگم سمیت 7 سالہ معصوم محمد صادق شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر پہلے سے ہی کمرے میں لیک ہو رہا تھا۔ جس کے بعد یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: بہار: پانی کے تیز بہاؤ سے اسکول کی عمارت منہدم
واضح رہے کہ گیس پھٹنے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے جو ایک ہفتہ کے اندر ہوا ہے۔ اس سے قبل 20 جولائی کو بایسی بلاک کے گلگاؤں میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔