آر جے ڈی کی جانب سے جہاں ایک طرف امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے، وہیں دوسری جانب اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں نے بھی اپنے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔
ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم) پارٹی کے قومی صدر و سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی آج ارریہ پہنچے، جہاں وہ پارٹی کی جانب سے چلائی جا رہی رکن سازی مہم میں شریک ہوں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مانجھی نے کہا کہ اس وقت پورے بہار میں 'ہم' پارٹی کے پانچ لاکھ رکن اور پانچ ہزار لائف ٹائم ارکان بنانے کا ہدف ہے۔ اسی رکن سازی کو لیکر پورے بہار کا اس وقت دورہ کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں اس وقت نظم و نسق صفر پر ہے، نتیش حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہو رہی ہے، وہ صرف زبانی اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ بہار کی عوام اب نتیش کمار سے پریشان ہو چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عظیم اتحاد میں اس وقت سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا، ہم لوگوں سے پوچھے بغیر تیجسوی یادو نے ضمنی انتخاب کے لئے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اتحاد کے صحت کے لئے بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، آر جے ڈی بہار میں بڑی پارٹی ہے، مگر انہیں ہم لوگوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔
مانجھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو بھی آر جے ڈی نے درکنار کر دیا، ہم لوگوں نے بھی خواہش ظاہر کی تھی کہ ناتھ نگر سے ہم لڑیں گے، مکیش سہنی سمری بختیار پور سے لڑنا چاہتی ہے، اگر تیجسوی جی میٹنگ بلا کر کوئی فیصلہ کرتے تو شاید ہم لوگ نہیں لڑتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ اسی وجہ سے اب کانگریس پارٹی نے پانچوں نشست پر اپنے امیدوار اتارچکی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر عظیم اتحاد ٹوٹتا ہے تو اس کے ذمہ دار سیدھے طور سے آر جے ڈی ہوگی۔