بہار اسمبلی کا پانچ روزہ مانسون سیشن آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اس کے لئے اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے کارگزار چیئرمین نے جہاں پوری تیاری کر لی ہے وہیں، حکمراں اتحاد اور اپوزیشن جماعتیں بھی تیار ہیں۔
اجلاس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے اپوزیشن کو نصیحت دے ڈالی اور کہا ہے کہ 'جمہوریت میں میں سب کو اپنی بات رکھنے کا اختیار اور حق ہے تاہم غیر جمہوری رویہ اختیار نہیں کیا جا سکتا ہے۔'
ہندوستانی عوام مورچہ کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کو مانسون اجلاس سے قبل نصیحت دی ہے۔ مانجھی نے کہا ہے کہ 'آج سے بہار اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع ہوگا، اپوزیشن کو جمہوری نظام کی قدر کو پامال کرنے کی بجائے سوالات اور مباحثے کے ذریعے اپنی بات رکھنی چاہیئے۔'
جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار بھی ترقی اور حکومت کے کام کاج میں اہم ہوتا ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری ہوتو پھر نہ صرف معاملے سرد مہری کا شکار ہوتے ہیں بلکہ جمہوری نظام کی خوبصورتی بھی ختم ہوتی ہے۔ جس طرح سے گزشتہ بار اسمبلی میں ہنگامہ ہوا وہ صورت حال پیدا نہ ہو اس کی کوشش کرنے کی ذمہ داری حزب اختلاف کے رہنما پر عائد ہوتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'عوام کے نمائندے سبھی ہیں اور سبھی عوام کے فلاح و بہبود اور اس سے جڑے مسائل کا حل چاہتے ہیں اس لئے پرسکون طریقے سے اسمبلی کی کاروائی میں ہاؤس کا تعاون ہر کوئی کرے۔'
سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے کہا کہ 'انکی پارٹی کا موقف ہے کہ بے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو پانچ ہزار روپے بے روزگاری بھتہ حکومت دے اسکے لیے پہلے بھی مطالبہ کرچکے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہ اپنے خطاب میں اس بات کا تذکرہ کریں گے۔'
مانجھی نے کہا 'وہ سیاست میں لیک سے ہٹ کر کام کرتے ہیں تاہم انکے زیادہ تر معاملات اور سوالات مرکزی حکومت سے متعلق ہیں تاہم بہار سطح پر جو انکی مانگیں ہیں اور جو انہوں نے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے کیا ہے اسکے نفاذ کا مطالبہ ہے۔ جس میں خاص طور پر بے روزگاری بھتہ، درج فہرست ذات وقبائل کو پانچ ڈسمل زمین جنکے پاس نہ زمین ہے اور نہ ہی گھر ہے اسکے علاوہ کسانوں کو بجلی مفت دینا وغیرہ شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل اکالی دل: اداکارہ دلجیت کور سوشل ونگ کی قومی صدر
واضح رہے کہ بہار اسمبلی کا یہ سیشن پانچ دنوں تک جاری رہے گا، 30 جولائی کو مانسون اجلاس اختتام پذیر ہوجائے گا۔ پہلے دن ایوان میں دنیا سے رخصت ہونے والے لیڈران کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
وہیں 27 اور 28 جولائی کو ایوان میں ریاستی بل پیش کیے جائیں گے۔ 29 جولائی کو مالی سال 2022،2021 کے پہلے ضمنی بجٹ پر چرچا اور اس سے جڑے تخصیصی بل کے لیے دن مختص کیا گیا ہے۔ مانسون سیشن کے آخری دن تیس جولائی کو غیر سرکاری تنظیموں کے کام کے لیے مختص رکھا گیا ہے۔