ریاست بہار میں جاری بارش سے دارالحکومت پٹنہ سمیت متعدد اضلاع میں پانی بھرنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔
گذشتہ رات ہونے والی بارش کی وجہ سے پٹنہ میں 1975 کے سیلاب جیسے حالات پیدا ہوگئے ہیں، ہفتے کی صبح سے شام تک بارش نے مزید مشکلات پیدا کردیے ہیں۔ پانی اتنا زیادہ بھر گیا ہے کہ کشتیاں سڑکوں پر تیرتی ہوئی دیکھی جا رہی ہے۔
راجندر نگر میں صورتحال ایسی ہوگئی ہے کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتی کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے ۔
راجندر نگر کے متعدد علاقوں میں 5 فٹ سے زیادہ پانی ہے۔ پانی میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی مدد لی جا رہی ہے ۔
وہیں پی ایم سی ایچ ، آئی جی آئی ایم ایس ، گارڈنر ہسپتال ، راجندر نگر ہسپتال، کرجی ہولی ہسپتال ، مہاویر آرگیا سنستھان، این ایم سی ایچ کے علاوہ مختلف ہسپتالوں میں پانی بھرجانے کی وجہ سے لوگوں کو سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ریاست کے بیشتر اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں ان میں خاص طور سے سمستی پور، بھاگل پور، بھوج پور، سپول، بیگوسرائے، پٹنہ ، مدھوبنی ، کھگڑیا ، بانکا ، سارن ، بھبھوہ، نالندہ اور جموئی وغیرہ شامل ہیں۔
بارش کے سبب پٹنہ سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں الرٹ جاری ہے۔