یہ سارا معاملہ گیا کے بنیاد گنج پولیس تھانہ حدود کے درگا استھان یوکو بینک کے سامنے واقع اوم مسالہ دوکان میں پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق ملزموں کو 10 لاکھ روپے فروتی کی رقم نہیں دینےکی وجہ سے دوکان پر فائرنگ کی گئی ہے۔یہ پورا معاملہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوا ہے۔
سی سی ٹی وی کیمرے میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر تین افراد سوار ہوکر آتے ہیں اور موٹر سائیکل کو دوکان کے باہر روکنے کے بعد ان میں سے دو افراد ہاتھ میں بندوق لےکر دوکان میں داخل ہوتے ہیں اور لگاتار فائرنگ کرنا شروع کرتے ہیں۔
اس فائرنگ میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اطلاع کے مطابق 3 نومبر کے روز ملزموں نے دوکان کے مالک ادئے کمار سے 10 لاکھ روپے فروتی دینے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ادئے کمار نے اس دھمکی کو نظر انداز کرتے ہوئے ملزموں کے فون نمبر کو بلیک لسٹ میں ڈال دیا تھا۔جس کے بعد ملزموں نے اس سرگرمی کو انجام دیا۔
اس حادثے کے سلسلے میں گیا کے سٹی ایس پی منجیت شیرون نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ایک میگزین، زندہ گولیاں اور فائرنگ کئے ہوئے گولیوں کو برآمد کیا ہے۔ یہ معاملہ فروتی سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزموں کی شناخت کرلی ہے اور ان کی تلاش میں کارروائی کی جارہی ہے ، جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوکاندار ادئے نے بتایا کہ جب بدمعاشوں نے فائرنگ کرنی شروع کی وہ اس وقت دوکان پر موجود تھے، لیکن اس حملے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ان سے فروتی کے رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، وہ رقم نہیں دینے پر ان پر یہ حملہ کیا گیا ہے۔