ریاست بہار میں پٹنہ کے ہارون نگر میں دھرنے پر بیٹھی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پہنچیں جے این یو ایس یو کی سابق صدر سوچیتا ڈے نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کی واپسی اور بی جے پی حکومت کے گرنے تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
سوچیتا نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ ملک میں کوئی بھی احتجاج سے تھک نہیں رہا ہے، شاہین باغ میں مظاہرہ شروع ہونے کے بعد پورے ملک میں ہر روز نئے نئے جگہوں پر تحریک چل رہی ہے، جو رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امت شاہ کہتے ہیں کہ چاہے جتنا بھی آندولن کر لو یہ قانون واپس نہیں ہوگا، تو ہم بھی ان سے کہتے ہیں کہ ہم بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ لوگ آزادی کی تحریک کے 'غدار' ہیں۔ ساورکر، گرو گوالکر اور شیاما پرساد مکھرجی کا نام لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سب لوگوں نے ملک سے غداری کی اورغلامی ان کو بھاتی تھی اسی لیے انہوں نے انگریزوں سے معافی مانگی اور یہ تاریخی دستاویزات میں آج بھی محفوظ ہے ۔