ریل ملازم کا بیٹا ای ٹکٹ کا کاروبار اپنے مکان میں کرتا تھا جو ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا ہے۔ اس نے اس کام کے لیے 63 فرضی یوزر آئی ڈی کارڈ بنائے تھے۔
گیا ضلع میں چھٹ پوجا کے بعد گیا جنکشن سے ٹکٹ کے لئے ماراماری شروع ہوجاتی ہے۔ اس کا فائدہ ایجنٹ اٹھانے لگتے ہیں۔ ایک ٹکٹ بنانے پر 600 سے لے کر ہزار روپے تک دلال وصولتے ہیں۔
جس کے مدنظر خفیہ اطلاع کی بنا پر آر پی ایف انسپکٹر اے ایس صدیقی کی قیادت میں کھرکھورا ریلوے کالونی میں واقع ایک ریلوے کے مکان میں چھاپے ماری کرکے تین ٹکٹ دلالوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے دو لیپ ٹاپ، ایک کمپیوٹر، 43 ہزار روپے نقد اور 36 ای ٹکٹ (جس کی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار روپے ہے) برآمد کیا گیا۔
آر پی ایف انسپکٹر صدیقی نے بتایا کہ 'گرفتار اجیت کمار ریلوے ملازم کا بیٹا ہے۔ اس کے والد ونود ریلوے میں ڈرائیور کے عہدے پر تعینات ہیں۔ وہ اپنے ریلوے کے مکان 628 سی میں ہی ای ٹکٹ کا کاروبار کر رہا تھا۔ اس کے ساتھ گرفتار دونوں افراد ضلع کے بیلا گنج کے پرانی گاؤں کے رہنے والے چندرشیکھر سنگھ کے بیٹے سونو ورما اور راہل ورما ہیں۔
آر پی اے انسپکٹر نے بتایا کہ 'ای ٹکٹ گروہ کا سرغنہ اجیت نے پوچھ تاچھ میں پولیس کو بتایا کہ فرضی یوزر آئی ڈی بنا کر ریزرویشن کرتا ہے۔گرفتار تینوں افراد پر مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا۔'