دربھنگہ میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی جنرل سکریٹری اور سنگھوارہ تھانہ حلقہ کے شکر پور باشندہ محمد ثناء اللہ کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی ایک ٹیم نے جمعرات کو چھاپہ مارا۔ چھاپہ ماری تقریبا چار گھنٹوں تک چلی اور اس میں گھر کے چپے چپے کی تلاشی لی گئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ای ڈی کی ٹیم کو اس میں کوئی بڑی کامیابی نہیں ملی ہے۔ چار گھنٹوں کی تلاشی کے بعد فرنٹ کے ممبروں نے ٹیم سے سیزر لسٹ کامطالبہ کیا لیکن ٹیم سیزر لسٹ دینے سے کترا رہی تھی۔ اس کے بعد گاؤں کے لوگوں نے ٹیم کے سامنے ڈٹ کر سیزر لسٹ کا مطالبہ کیا اور ٹیم کی گاڑی کا راستہ روک لیا۔ بالآخر بڑی مشقت کے بعد ٹیم نے اہل خانہ کو کلین چٹ دی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پٹنہ سے آئی ای ڈی کی اس ٹیم کی چھاپہ ماری کے وقت ثناء اللہ گھر پر نہیں تھے۔ ای ڈی کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ ثناء اللہ کولکاتا میں ہیں۔ اس کے بعد کولکاتا کے پارک سرکس واقع پی ایف آئی کے دفترمیں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس سال سی اے اے ، این آر سی کے خلاف ہوئے طویل مظاہرے کے دوران فنڈنگ کو لے کر اس سے جڑے اداروں کے خلاف جانچ شروع کی گئی ہے اور اسی سلسلے میں دربھنگہ کے سنگھوارہ میں پی ایف آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری محمد ثناء اللہ کے گھر پر چھاپہ ماری ہوئی ہے۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو پورنیہ کے پی ایف آئی کے دفتر میں بھی ای ڈی کی ٹیم پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
![پی ایف آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری کے گھر پرای ڈی کی چھاپہ ماری](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/bh-dar-01-avo-idiredinpfistatesecreatryhouseindarbhanga-bhur10003_03122020172537_0312f_1606996537_357.jpg)