ریاست بہار میں ضلع ارریہ کے فاربس گنج قومی شاہراہ پر گھنے کہرے کی وجہ سے آج صبح 'ڈی ایس پی' کی گاڑی ڈائیورسن سے ٹکرا گئی، اس دوران گاڑی میں سوار فاربس گنج سب ڈویژن کے ڈی ایس پی گوتم کمار شدید طور سے زخمی ہو گئے جن کو علاج کے لئے پورنیہ میکس ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کے دوران موقع پر موجود مقامی لوگوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر فاربس گنج تھانہ کو دی، جس کے بعد پولیس اہلکار کے ساتھ تھانہ صدر نرمل کمار جائے وقوع پر پہنچے اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی ڈی ایس پی کو فاربس گنج ہسپتال داخل کرایا، جہاں کے ڈاکٹرز نے ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے فوراً پورنیہ میکس ہسپتال ریفر کر دیا۔
بتایا جاتا ہے حادثے میں ڈی ایس پی کی کمر اور پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، حالانکہ اس حادثے میں اب تک بہت سی باتیں واضح طور پر سامنے نہیں آئی ہے۔
مزید پڑھیں:
ارریہ: تھانیدار پروین کمار قتل معاملہ میں ملزم کو عمر قید کی سزا
اطلاع کے مطابق ڈی ایس پی کل ایک کرائم میٹنگ میں شرکت کے لئے ارریہ گئے تھے، جہاں سے وہ دیر شام کسی کام کے تحت پورنیہ چلے گئے، اور پھر آج اہل صبح پورنیہ سے فاربس گنج واپس لوٹ رہے تھے، کہ گھنے کہرے کی وجہ سے گاڑی ڈائیورسن سے ٹکرا گئی، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع کے اعلی افسران پورنیہ کے لئے روانہ ہوئے ہیں. فی الحال ڈی ایس پی پورنیہ کے میکس ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔