گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں انتظامیہ عید کے پیش نظر حساس ہے، ڈسٹرک مجسٹریٹ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت حلقوں میں الوداع جمعہ سے قبل تیاریاں مکمل کرلیں۔ صاف ستھرائی کے خیال کے ساتھ سبھی اپنے علاقوں میں امن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کرکے تمام پہلوں پر تبادلہ خیال کرلیں۔ آج ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن اور ایس ایس پی آشیش بھارتی کی صدارت میں عید الفطر کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں ضلع سطح کی امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ ڈی ایم کی طرف سے طلب کی گئی میٹنگ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ اس میں سلسلے وار طریقے سے امن کمیٹی کے ممبران نے ضلع افسر کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ساتھ امن وقانون کو لیکر مشورہ بھی دیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے میونسپل کمشنر، ایگزیکٹیو انجینئر پبلک ہیلتھ ڈویژن، ایگزیکٹیو انجینئر الیکٹریکل شہری ودیہی کو ہدایت دی کہ وہ مساجد، عیدگاہوں کے ارد گرد مکمل صفائی، بجلی کی مناسب فراہمی، پینے کے پانی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔ فائر آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فائر بریگیڈ کی تمام گاڑیوں کو تیار حالت میں رکھا جائے۔ وہیں اس موقع پر ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ جس کا ٹیلی فون نمبر 2222253 0631 جاری کیا گیا ہے۔ امن کمیٹی کے معززین نے تجویز دی کہ سوشل میڈیا پر مسلسل نظر رکھی جائے کیونکہ حال کے گزشتہ دنوں اختتام ہوئے رام نومی کے موقع پر جہاں پر بھی ضلع میں پرتشدد واقعات پیش آئے وہاں پر سوشل میڈیا کے ذریعے ہی افواہیں پھیلائی گئیں تھی۔
وہیں اس موقع پر ڈی ایم نے کہاکہ ضلع انتظامیہ گیا نے عام افراد سے اپیل کی ہے کہ "کسی بھی قسم کی افواہوں سے دور رہیں۔ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ضلع سطح کے افسر اور پولیس افسر کو ہدایت کی گئی کہ وہ واٹس ایپ گروپ اور دیگر ذرائع کے سوشل میڈیا پر مسلسل نظر رکھیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع میں عید کی نماز صبح 6 بجے سے شروع ہوگی۔ گیا کے گاندھی میدان میں صبح 7:30 بجے نماز ادا کی جائے گی اور سب سے آخر میں عید کی نماز صبح 10 بجے کربلا پنچایتی اکھاڑہ میں ادا کی جائے گی۔ بتایا گیا کہ گاندھی میدان میں پانچ ہزار سے زیادہ لوگ اجتماعی طور پر نماز ادا کریں گے۔ ضلع مجسٹریٹ نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ صفائی کے مکمل انتظامات کے ساتھ ساتھ پانی کے ٹینکرز بھی دستیاب رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ جمعداروں کو ہدایت کریں کہ وہ متعلقہ جگہوں پر صفائی ستھرائی کے مناسب اہلکاروں کے ساتھ موجود رہتے ہوئے مسلسل صفائی کو یقینی بنائیں۔ ایگزیکٹیو انجینئر بڈکو کو صبح ساڑھے چار بجے کے قریب پانی کی سپلائی شروع کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع افسر نے تمام معزز ممبران سے کہا کہ ایک دو واقعہ کو چھوڑ کر جس طرح سے ضلع میں رام نومی تہوار کا انعقاد بہت اچھے طریقے سے کیا گیا ہے۔ اسی طرح اس عید کو آپسی بھائی چارے کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تہوار کے موقع پر متعلقہ سب ڈویژنل افسران متنازعہ مقامات پر پہنچ کر اس کا معائنہ کرنے کو یقینی بنائیں گے، جہاں ماضی میں واقعات رونما ہوئے ہیں تاکہ باہمی فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر میڈیکل ٹیمیں بھی مختلف مقامات پر موجود ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: Ramazan And Eid 2023 گلبرگہ میں تجارتی مراکز کی رونقیں بحال، عید کی خریداری عروج پر
ضلع مجسٹریٹ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے صبح سویرے عید کی نماز ادا کریں۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہاکہ عید کے موقع پر صبح سویرے تمام متعلقہ تھانے مختلف مذہبی مقامات کے قریب گشت کو یقینی بنائیں اور ان مقامات پر موبائل پٹرولنگ کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا، جہاں بڑی گشتی گاڑیاں نہیں جا سکتی ہیں۔