این آئی سی ویڈیو کانفرنسگ ہال میں ضلع کلکٹر نے کہا کہ سیلاب سے متاثر تمام بلاک کے پنچایتوں اور دو نگر پالیکا و ایک نگر پنچایت کی آبادی سیلاب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
سیلاب سے کل 391 گاؤں گھرا ہوا ہے جبکہ سیلاب میں ڈوب کر 13 لوگوں کی موت ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر کے مطابق سیلاب کے پانی سے مرنے والوں کو سرکاری منصوبہ کے تحت رقم دی جائے گی۔
ضلع کلکٹر نے کہا کہ سیلاب سے اب تک 12 لاکھ 19 ہزار 917 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ سطح سے مختلف ذرائع سے 58 ناؤں اور 25 موٹر بوٹ چلائے گئے ہیں جس میں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف ،ایس ایس بی، ضلع انتظامیہ و مقامی لوگوں کا مکمل تعاون حاصل رہا ہے۔
ضلع میں 193 کیمپ قائم کیے گئے ہیں جس میں 84 ہزار 240 لوگ کھانے کھا رہے ہیں، اسی طرح سے سیلاب کے پانی سے بیمار ہونے والے 1245 لوگوں کا علاج ہوا ہے۔
پناہ گزیں کو برسات سے بچانے کے لیے 27 ہزار 600 برساتی تقسیم کیے گئے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جہاں جہاں سڑک و پل ٹوٹ گیا ہے اسے مرمت کرانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔
ضلع کلکٹر نے کہا کہ حکومت کے اعلان کے مطابق سیلاب متاثرین کو ان کے اکاؤنٹ میں 6000 روپے بھیجنے کا کام چوبیس گھنٹے میں شروع ہو جائے گا جو 31 جولائی تک جاری رہے گا۔
اس فہرست میں نابالغ، غیر شادی شدہ اور ایک ہی گھر کے دو لوگوں کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے، اس ضابطہ کے خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع کلکٹر نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی سرکاری روپیہ دلانے کے نام پر کوئی بیچولیہ روپے کی مانگ کرے تو ایسے لوگوں کے خلاف شکایت کرے، ایسے لوگوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔