دلائی لامہ کی حفاظت کے لئے ملک کی مختلف ایجنسیوں کی ٹیمیں بھی یہاں پہنچ چکی ہیں۔ بودھ مذہب کے روحانی پیشوا دلائی لامہ منگل کو دوپہر کے بعد خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی سے گیا ہوائی اڈے پہنچ کر سڑک کے ذریعے بودھ گیا پہنچ چکے ہیں۔
ان کا قیام بودھ گیا کے تبت بودھی مندر میں ہوگا۔ دلائی لامہ کی آمد کے بعد تبتی مندر کو حفاظت کے نقطہ نظر سے ناقابل تصور قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی قریبی مندروں اور دھرم شالاوں میں سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس سے قبل گیا ہوائی اڈے پر دلائی لامہ کا روایتی انداز میں ولہانہ خیرمقدم ڈسٹرک مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ اور ایس ایس پی راجیو مشرا سمیت دیگر اعلی حکام نے کیا۔
بودھیسٹ عقیدت مند اپنے مذہبی رہنما کے استقبال کے لئے گھنٹوں قطار میں بودھ گیا کی سڑکوں پر کھڑے رہے۔ دلائی لامہ کو دیکھ کر انکی کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ عقیدت مندوں نے ہاتھوں میں مذہبی نشان اور پھول لئے کھڑے ہوکر اپنے مذہبی پیشوا کا استقبال کیا۔
دلائی لامہ سڑک کے کنارے کھڑے عقیدت مندوں کے سلام کو قبول کیا۔ اس کے بعد ان کی گاڑی سیدھے تبت خانقاہ کے اندر چلی گئی۔ کسی کو بھی سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ان کے قیام گاہ کے حدود میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ سیٹی ایس پی راکیش کمار نے بتایا کہ دلائی لامہ کے دورے کے دوران یہاں کئی پروگرام ہیں جس کے پیش نظر سیکوریٹی انتظامات پختہ ہیں، ٹرافیک نظام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ ضلع پولیس یہاں آنے والے سبھی عقیدت مندوں کی حفاظت کا مکمل خیال رکھے گی۔
تبت مندر اور دلائی لامہ کی رہائش گاہ کی حفاظت نیم فوجی دستہ کے زیر انتظام ہے۔ اس کے علاوہ دلائی لامہ کے نجی سکیورٹی اہلکار رہائش کے داخلی دروازے سے چاروں طرف تعینات ہیں۔ شیڈول کے مطابق وہ چھ جنوری تک بودھ گیا میں قیام کریں گے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق بودھ گیا میں اپنے قیام کے دوران دلائی لامہ دو اور تین جنوری کو کالچکر میدان میں خصوصی خطاب کریں گے اور ساتھ ہی چھ جنوری کو انتڑنیشنل سمینار لیکچر دیں گے جس میں بیرون ملک سے 50 ہزار سے زیادہ بدھ مت کے عقیدت مند شامل ہوں گے