گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں عید 'شوال ماہ' کا چاند نظر آتے ہی ہر طرف سے ایک دوسرے کومبارک باد پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم امڈ پڑا ۔ خاص طور پر کرانہ دوکان، گوشت اور لچھے وسوئیوں کی دوکانوں پر بھیڑ زیادہ رہی لیکن اس دوران گیا میں موسم سہانا ہوگیا ۔تیز آندھی اور بجلی کی کڑک کے ساتھ رم جھم بارش شروع ہوگئی، وہیں مقامی باشندوں کو گرمی سے راحت تو ملی لیکن اس دوران خریداری کرنے والے افراد جہاں تہاں ٹھہر گئے ۔ بازاروں میں بارش سے بچنے کے لیے افرا تفری کا ماحول ہوگیا۔ آسمانی بجلی چمکنے کی وجہ سے شہر کی بجلی کٹ کردی گئی۔ اندھیرے میں شہر ابھی ڈوبا ہوا تھا لیکن موسم خوشگوار ہوگیا ۔ گزشتہ کئی دنوں سے بالخصوص سترہ اپریل سے درجہ حرارت میں اضافے سے گیا کے باشندے پریشان تھے جس سے کل انہیں راحت ملی۔
حالانکہ دوکاندار مایوس نظر آئے کیوں کہ کل رات کی ان کی تجارت کئی دنوں کو ملاکر ایک رات میں ہوجاتی ہے لیکن انہیں توقع تھی کہ بارش کے رکتے ہی بھیڑ پہلے کی طرح ہی پھر سے امڈ پڑے گی اور لوگ اپنی پسند کی خریداری کریں گے ۔محمد امتیاز کرانہ کے دوکان کے مالک نے کہا کہ عید کے لذیذ پکوان کی خریداری کی روایت چاند رات کی ہی رہی ہے بعد نماز مغرب سے بارش ہونی شروع ہوگئی جس کی وجہ سے وہ بھیڑ جو مارکیٹ پہنچی تھی وہ منتشر ہوگئی ۔ انکے مطابق بارش رکتے ہی پھر سے وہی بھیڑ آنی شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : Eid-ul-Fitr 2023 گیا کے بازاروں میں عید کی خریداری عروج پر