ریاست بہار کے ضلع ارریہ میں پل کی تعمیر کرا رہے منشی کی شرپسندوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقامی لوگوں نے زخمی منشی کو علاج کے لئے پورنیہ ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں آج منشی کی موت ہو گئی ہے۔ وہیں واقعہ کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔
اطلاعات کے مطابق این کے کنسٹرکشن کمپنی کے منشی سجو یادو( عمر 44 سال) رانی گنج کے ٹھونگا گھاٹ پر پل کی تعمیر کرا رہے تھے، سجو یادو پورنیہ ضلع کے جانکی نگر واقع لاڈھوگڈھ باشندہ جگدیش یادو کے فرزند ہیں اور کافی دنوں سے کنسٹرکشن لائن میں منشی کا کام کر رہے تھے، اسی درمیان کل دیر رات کچھ جرائم پیشوں نے پل تعمیر کی جگہ ہی منشی سجو یادو کو گولی مار دی، گولی کی آواز سن کر سجو یادو کے بھائی موقع واردات پر پہنچے اور زخمی سجو یادو کو پورنیہ ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں آج علاج کے دوران سجو کی موت ہو گئی۔
وہیں واقعہ کے بعد موقع پر کام کر رہے ملازمین و دیگر منشی فرار ہو گئے۔ معاملے کی اطلاع پر ارریہ ایس پی ہردے کانت اور ایس ڈی پی او پشکر کمار جائے وقوع پر پہنچے اور پل تعمیر کر رہی کمپنی کے ایک اور منشی چترنجن کمار و دیگر لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔
بتایا جا رہا ہے کہ جائے وقوع پر ہی منشی سجو یادو کے روم کا تالا توڑا گیا، جہاں سے شراب کی خالی بوتل، مچھلی و انڈا کی برآمدگی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زرعی قوانین کسانوں کے لیے سودمند، اپوزیشن کی سیاست گمراہ کن: مودی
ایس ڈی پی او پشکر کمار نے کہا کہ 'پہلی نظر میں معاملہ آپسی رنجش کا لگتا ہے، زمین پر خون بھی گرا ہوا ہے مگر اسے چھپانے کے لئے اوپر سے موبل ڈال دیا گیا ہے۔'
فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔