ریاست بہار کے ضلع گیا میں کریم گنج قبرستان کے صدر دروازے کی پہلی منزل پر تعمیر نو کمیونٹی ہال کا آج افتتاح کیا گیا۔ قبرستان کمیٹی نے صدر دروازے کی پہلی منزل پر قریب تین ہزار فٹ جگہ کمیونٹی ہال کے لیے مختص کر رکھا تھا۔ جسے مقامی وارڈ کانسلر کی پہل پر کارپوریشن نے 23 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کرایا ہے۔
اس کمیونٹی ہال میں بڑے اور چھوٹے ہال کے ساتھ روم، غسل خانہ اور آفس بھی بنایا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے میئر گنیش پاسوان اور ڈپٹی میئر موہن شریواستو و مقامی کونسلر ابرار احمد نے باضابطہ افتتاح کرکے اسے قوم کے نام وقف کردیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے قبرستان اور شمشان گھاٹوں کی تزئین کاری کے لئے دس کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی ہے اور اسی کے تحت یہ کام کیا گیا ہے۔ شہر گیا میں چار بڑے قبرستان ہیں، جن میں ایک کریم گنج قبرستان ہے۔ اس کے علاوہ بھٹ بیگہ اے پی کالونی قبرستان، ڈویزن قبرستان اور کربلا قبرستان ہے جبکہ شہر گیا میں ایک بڑا شمشان گھاٹ وشنو پتھ میں موجود ہے، جہاں پر بڑی مشینیں لگائی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر مقامی وارڈ کونسلر ابرار احمد نے کہا کہ چونکہ کریم گنج مسلم اکثریتی محلہ ہے اور پچاس ہزار سے زیادہ کی آبادی ہے۔ گھنی آبادی ہونے کی وجہ سے یہاں زمین دستیابی ممکن نہیں ہے۔ قبرستان کمیٹی نے صدر دروازے کے اوپر کمیونٹی ہال بنانے کی تجویز پیش کی تھی جسکے بعد میونسپل کارپوریشن تین ہزار اسکوائر فٹ پر اس ہال کا 23 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کرایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میر واعظ محمد عمر فاروق دنیا بھرکے پانچ سو بااثر مسلم شخصیات میں شامل
انہوں نے کہا کہ اب یہاں کے باشندوں کو کسی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی۔ یہاں کسی بھی طرح کے پروگرام ہو سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی میئر موہن شریواستو نے کہا اصل گھر قبرستان اور شمشان ہے، اگر اس کی تزئین کاری نہیں ہوئی تو ترقیاتی کاموں کا ایجنڈا ادھورا رہ جائےگا۔ میت کی تدفین کے لئے آنے والوں کو اب آسانی ہوگی۔