گیا: بہار کے ضلع گیا میں دو پہر بعد تعزیہ جلوس کی واپسی کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ اس دوران سنگ باری میں دس سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے جس میں پولیس جوان بھی شامل ہیں۔ بہار کے ضلع گیا کے انتہائی نکسل متاثرہ علاقہ ڈومریا بلاک کے علاقے میں تعزیہ لے جانے کے دوران دو فرقوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی ہے۔ تعزیہ جلوس کے ساتھ پولیس بھی موجود تھی لیکن پولیس کی موجودگی میں یہ معاملہ پیش آیا ہے۔
اس دوران دونوں طرف سے سنگ باری بھی ہوئی، جس کے سامنے پولیس فورس بھی بے بس ثابت ہو رہی تھی۔ اگرچہ پولیس کے جوان سنگ باری کرنے والے لوگوں کو پرسکون کرنے میں مصروف تھے لیکن ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی تعداد زیادہ تھی جس کی وجہ سے پولیس کو حالات قابو کرنے میں وقت لگا۔ یہاں ہوئی جھڑپ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جارہا ہے کہ لوگ بار بار دوسری طرف کے لوگوں کو پرسکون کرانے کے لیے پولیس کو کہہ رہے ہیں۔ وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پولیس کی موجودگی میں دوسری طرف سے سنگ باری ہورہی ہے۔
اطلاع کے مطابق بھنگیا بتش پور گاؤں میں ایک مذہبی مقام سے ہو کر جلوس گزر رہا تھا تبھی کسی نے اس جگہ سے جلوس کو گزارنے پر اعتراض کیا جس کے بعد معاملہ طول پکڑ لیا۔ جلوس کے راستے کو لے کر نونک جھونک کے بعد سنگ باری شروع ہوگئی اور اس قدر پتھر پھینکے گئے کہ دونوں طرف کے ایک درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں پولیس کے بھی جوان شامل ہیں۔ پولس سب انسپکٹر شیر سنگھ کے سر پر چوٹ لگی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ سنگ باری کے دوران ایک پتھر ان کے سر پر لگا۔ جس کی وجہ سے اُن کا سر پھٹ گیا اور خون بہنے لگا۔ اُنہیں علاج کے لیے قریبی سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فی الوقت صورت حال معمول پر ہے۔ تاہم کشیدگی برقرار ہے۔ موقعے پر اضافی پولیس پہنچ چکی ہے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔ مقامی تھانے کا کہنا ہے کہ پولیس نے دونوں طرف کے لوگوں کو منتشر کرکے حالات کو قابو میں کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے فسادیوں کی شناخت شروع کردی ہے۔ پولیس کے اعلی افسران کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں ہیں۔ جھگڑا کیوں ہوا، اس بات کی جانچ کی جارہی ہے۔
Hindus Taking out Tazia in Gaya گیا میں سو سے زیادہ جگہوں پر ہندو تعزیہ جلوس نکال رہے ہیں
واضح ہو کہ ڈومریا بلاک کے بھنگیا گاؤں سے بھی تعزیہ کا جلوس نکالا جاتا ہے۔ چونکہ میگرا میں تعزیہ کا جلوس بڑے پیمانے پر نکالا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے میگرا میں ہی بڑی تعداد میں لوگ اور پولیس فورس تعینات تھی۔ بتس پور بھنگیا میں بھی جلوس کے ساتھ پولیس دستے تعینات تھے، لیکن جب سنگ باری شروع ہوئی تو پولیس کے جوان پہلے خود کو محفوظ کرنے لگے، کیوں کہ دونوں طرف سے بھیڑ زیادہ تھی اور پولیس جوان چند ہی تھے۔