پٹنہ: بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں معروف تاجر بابا صدیقی نے افطار میں سیاسی رہنماؤں سمیت دیگر افراد کو مدعو کیا۔ اس افطار پارٹی میں ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی شرکت کی۔ نتیش کمار کے علاوہ سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی اور بہار حکومت کے کئی وزرا و لیڈروں نے شرکت کی۔ اس طرح بہار میں ایک مرتبہ پھر سیاسی افطار پارٹی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس موقعے پر بابا صدیقی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا استقبال کیا۔ نتیش کمار نے تمام لوگوں کے ساتھ مل کر افطاری کی۔ بہار کے اقلیتی بہبود کے وزیر محمد جمع خان اور کانگریس ایم ایل اے محمد شکیل احمد خان نے بھی وزیر اعلی کو گلدستہ، ٹوپی اور صحافہ پیش کرکے مبارکباد دی۔ افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔ دعوت افطار میں شریک وزیر اعلیٰ سمیت تمام روزہ داروں نے ریاست، معاشرے اور ملک میں امن و امان اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔
پٹنہ میں افطار پارٹی دینے والے بابا صدیقی وہ ہیں جن کی افطار پارٹی میں پورا بالی ووڈ شرکت کرتا ہے۔ ایسے میں پٹنہ میں بابا صدیقی کی افطار پارٹی اور اس میں ریاست کے وزیر اعلیٰ سے لے کر عظیم اتحاد کے تمام بڑے لیڈروں کی شرکت کچھ اور ہی اشارہ دے رہی ہے۔ ویسے بھی بابا صدیقی کا تعلق کانگریس سے ہے۔ وہ ممبئی کے باندرہ ویسٹ سے ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔یوں تو بابا صدیقی کا شمار ممبئی کے بااثر شخصیات میں ہوتا ہے لیکن ان کی اصل رہائش بہار کے ضلع گوپال گنج میں ہے۔ ان کا پورا نام ضیاء الدین صدیقی عرف بابا صدیقی ہے۔ وہ اپنی طالب علمی کے زمانے میں ہی کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ انہوں نے ممبئی سے تعلیم حاصل کی ہے اور دوران تعلیم ہی وہ یوتھ کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ انہوں نے کانگریس میں کئی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مہاراشٹر حکومت میں وزیر کے علاوہ بھی کئی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا بالی ووڈ سے بھی گہرا تعلق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Ramdhan 2023 مشہور تاجر بابا صدیقی کی افطار پارٹی میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی شرکت
بابا صدیقی میں بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیویش چندر ٹھاکر، تجارتی ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، محصولات اور زمینی اصلاحات کے وزیر آلوک کمار مہتا، عمارت تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر سمیت کمار سنگھ، ریاستی وزیر جینت راج، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر للت کمار یادو، ریاستی وزیر سریندر پرساد یادو، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر محمد اسرائیل منصوری، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر شاہنواز، وزیر ٹرانسپورٹ شیلا کماری، پنچایتی راج کے وزیر مراری پرساد گوتم، ریاستی وزیر سنیل کمار، وزیر قانون شمیم احمد، بہار پردیش کانگریس کے صدر کم ایم پی اکھلیش پرساد سنگھ، مہاراشٹر کے ایم ایل اے ذیشان صدیقی، بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین افضل عباس، بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد اللہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے کہا کہ میں افطار پارٹی میں آنے والے لوگوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے جو کچھ بہار کے لیے کیا اس کے لئے انہیں نوبل انعام ملنا چاہیے اور جو آدمی نوبل انعام کے لئے فٹ ہیں اسے وزیر اعظم کے عہدے کا دعویدار بنایا جانا چاہیے۔