پٹنہ: ریاست بہار کے سابق وزیر اور بی جے پی کے موجودہ رکن اسمبلی جیوش مشترا کے سوال کرتے ہی ایوان میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ ہنگامہ ہوتے دیکھ بہار اسمبلی کے اسپیکر اودھ بہاری چودھری نے جیوش مشرا کو مارشل کے ذریعہ باہر نکال دیا۔ اس کے بعد بھاجپا کے دیگر اراکین اسمبلی نے بھی ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک کے لیے ملتوی کر دی۔
ایوان سے باہر آنے کے بعد بی جے پی ممبر اسمبلی جیویش مشرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت سے صرف یہ سوال کرنا چاہتے تھے کہ وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں ایسا واقعہ پیش آیا، لیکن وزیر اعلیٰ خاموش رہے۔ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ میں نے وزیر اعلیٰ کو ایوان میں بلایا اور بس تشدد پر جواب مانگا، صرف اس کے لئے مجھے باہر نکالا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Bihar Violence نالندہ اور ساسارام میں اسکول اور کالج کھل گئے، انٹرنیٹ سروس بحال
وہیں بہار حکومت کے اقلیتی بہبود کے وزیر زماں خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے صحیح کہا ہے۔ بہار میں فرقہ وارانہ واقعات کے پیچھے بی جے پی کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ بی جے پی فسادات کی سازش کر کے 2024 کی بیترنی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بہار کے عوام بی جے پی کی سازش کو سمجھ چکے ہیں۔ آنے والے وقت میں بی جے پی کو اس کا مناسب جواب ملے گا۔