دشرتھ مانجھی کی 13ویں برسی کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر زراعت نے گہلور گھاٹی کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر دشرتھ مانجھی کے آبائی مقام گہلور گھاٹی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر زراعت ڈاکٹر پریم کمار، گیا کے رکن پارلیمنٹ وجے کمار مانجھی، ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ سیاسی رہنما و عہدیداروں نے شرکت کی۔
تقریب میں دشرتھ مانجھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے بتایا کہ بلاک سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو دشرتھ مانجھی کے مقبرہ اور اس کے آس پاس کے علاقہ کو خوبصورت بنانے، انفراسٹرکچر، احاطے کی تعمیر و دیگر کاموں کے سلسلہ میں تجویز تیار کرے گی۔
ریاستی وزیر اور اعلیٰ عہدیداروں نے گلہور گھاٹی کو سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے سلسلہ میں دشرتھ مانجھی کے فرزند بھاگی رتھ مانجھی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
ضلع کے عہدیداروں نے وزیر کو بتایا کہ زمین کی دستیابی کے بعد ویٹنگ بلڈنگ کی تعمیر عمل میں لائی جائےگی اور مانجھی کے ذریعہ پہاڑ کاٹ کر جو راستہ بنایا گیا تھا اسے سیاحتی طور پر فروغ دیا جائے گا تاکہ بڑی تعداد میں سیاح یہاں آسکے۔
واضح رہے کہ دشرتھ مانجھی نے اپنی اہلیہ بھگنیا کی محبت میں پہاڑ کاٹ کر راستہ بنایا تھا۔ بھاگی رتھ مانجھی نے بتایا کہ ان کی ماں کی پہاڑ سے گرکر موت ہوگئی تھی جس کے بعد ان کے والد دشرتھ مانجھی نے پہاڑ کو کاٹ کر راستہ بنانے کا عزم کیا تھا جبکہ انہیں اس مقصد میں 22 سال بعد کامیابی حاصل ہوئی تھی۔