ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع جامع مسجد کے زیر اہتمام بی پی ایس سی کوچنگ سینٹر کا قیام عمل میں آنے والا ہے، بہار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا جب کسی مسجد کی طرف سے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری مفت کرائی جائے گی تاکہ قوم کے اہلیت رکھنے والے بچوں کو مفت تعلیم دی جاسکے۔ BPSC Coaching Center in Gaya
ضلع گیا کی تاریخی جامع مسجد کی کشش لوگوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے یہ ڈھائی سو برس قدیم مسجد ہے اور اس سے کئی یادگار لمحے و تاریخ وابستہ ہیں لیکن اب سنہرے حروف میں ایک اور تاریخ لکھی جائے گی۔ Gaya historical Jama Masjid
دراصل دانشوروں کا قول ہے کہ تعلیم خاموش انقلاب لاتی ہے اسی قول کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جامع مسجد کمیٹی نے قابل ستائش فیصلہ لیا ہے۔
بہار سنی وقف بورڈ پٹنہ کی سرپرستی میں جامع مسجد گیا کے زیر اہتمام ایک کوچنگ سینٹر قائم کرنا طے پایا ہے جسکے تحت پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منعقد ہونے والے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرائی جائے گی اس سلسلے میں حج ہاوس پٹنہ کوچنگ سینٹر کا بھی تعاون حاصل ہوگا۔ Bihar Sunni Waqf Board Patna on Gaya coaching center
یہاں کمیٹی کے صدر پروفیسر محمد حبیب کے مطابق جامع مسجد کی املاک سے ہر ماہ تین سے چار لاکھ روپے آمدنی ہے، کمیٹی نے پہلے بھی سماجی اور قوم کے بہبود کے لیے کام کیا ہے۔ اس مرتبہ مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کرانے کا فیصلہ کیا ہے جسے سنی وقف بورڈ پٹنہ نے بھی منظوری دی ہے۔'
شروع میں 75 طلباء و طالبات کا داخلہ ہوگا اور اس کے لیے تحریری اور زبانی دونوں امتحان ہونے کے بعد کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کا داخلہ ہوگا۔ بعد میں تعداد بڑھائی جائے گی اور ہاسٹل کی سہولت ہوگی 2 ہزار اسکوائر فٹ پر کلاس روم بنائے جارہے ہیں جبکہ اتنی ہی جگہ پر ایک لائبریری بھی قائم ہوگی ایک دن میں تین کلاس ہوں گے اور امید ہے مارچ کے شروع میں کوچنگ کا آغاز ہوگا۔'
جامع مسجد مارکیٹ کے منیجر نے بتایا کہ '125 فارم اب تک آچکے ہیں جن میں 80 کے قریب فارم جمع ہوگیا ہے۔ کوچنگ مفت دی جائے گی تاہم ابھی ہاسٹل کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔'
بہار میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی مسجد کی طرف سے قوم کے نونہالوں کے لیے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرانے کی پہل کی گئی ہے جامع مسجد کی کئی مارکیٹ ہیں جن میں 125 سے زیادہ دوکانیں ہیں اسکے علاوہ کئی مکانات ہیں جو کرایا پر لگے ہوئے ہیں وقف بورڈ پٹنہ نے منظوری دی ہے لیکن مالی مدد فراہم نہیں کیا ہے۔