وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی زیر صدارت 11:30 بجے آج کابینہ کا اجلاس ہونا ہے۔ جس میں اہم تجاویز کو منظور کیا جائے گا۔ لیکن اس سے پہلے یہ خبریں آرہی ہیں کہ بی جے پی اور جے ڈی یو کے درمیان محکموں کے تقسیم کو لے کر معاملہ الجھتا جارہا ہے۔ حالانکہ ابھی تک دونوں پارٹیوں کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی نے نتیش کمار سے محکمہ داخلہ کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ محکمہ داخلہ پارٹی کے پاس ہی رہے، لیکن سی ایم نتیش کمار نے بی جے پی کے اس مطالبے پر انکار کردیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امت شاہ کے کہنے پر بہار بی جے پی نے نتیش کمار سے محکمہ داخلہ کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر دونوں پارٹیاں اپنے زد پر اڑی رہیں تو تنازعہ طے ہے۔
واضح رہے کہ سوموار کو ہوئے حلف برداری میں سی ایم نتیش کمار کے علاوہ دو نائب وزرائے اعلیٰ تارکشور پرساد اور رینو دیوی نے بھی حلف لیا تھا، دونوں بی جے پی سے ہی ہیں۔ اور اب بی جے پی ہوم ڈیپارٹمنٹ کا مطالبہ کررہی ہے۔
حالانکہ اب تک وزارتیں تقسیم نہیں کی گئیں ہیں۔ لہذا کئی طرح کے قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آج یا کل وزرا کے مابین محکموں کی تقسیم ہوگی۔